بی جے پی سے اتحاد ممکن نہیں - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-20

بی جے پی سے اتحاد ممکن نہیں - ممتا بنرجی

کولکتہ
پی ٹی آئی، یو این آئی
مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی جانب سے دوسری مرتبہ بھی بھاری اکثریت سے کامیابی پر صدر ٹی ایم سی ممتا بنرجی نے کہا کہ سی پی آئی ایم اور کانگریس کے ایک دوسرے قریب آنا، دونوں پارٹیوں کی بڑی بھاری غلطی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جب نظریات ختم ہوجاتے ہیں تو سب کچھ ختم ہوجاتا ہے ۔ مغربی بنگال کے عوام نے انہیں گمراہ کن کرنے کے اقدامات اور سازشوں کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم سی ، بی جے پی کی طرح فرقہ پرست جماعت نہیں ہے ۔ ہم تمام مذاہب کو ایک ساتھ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے دبے کچلے عوام کی سماجی و معاشی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں کوئی بد عنوانی یا کرپشن نہیں ہے جیسا کہ میڈیا کا ایک گوشہ چند مفادات حاصل کے لئے ایسا مشہور کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ27مئی کو حلف لیں گی۔ پریس کانفرن سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے اپوزیشن پر جھوٹ کا جال پھیلا کر اقتدار حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔ ٹی ایم سی نے مغربی بنگال اسمبلی کی کل294نشستوں میں214پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ انتخابی حلیف بائیں بازو اور کانگریس کو73نشستوں پر ہی کامیابی ملی ۔ جب کہ بی جے پی کو 7نشستیں حاصل ہوئیں۔ کامیابی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے غیر معمولی فتح دلانے پر مغربی بنگال کی عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے دوران سیاست کو تاریخی نچلی سطح پر پہنچ چکی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی زندگی میں سنجیدگی کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے تشدد کے باوجود بھی یہ کامیابی غیر معمولی ہے ۔ ترنمول کانگریس پر اعتماد کرنے میں بنگال کے عوام کی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے جھوٹ کا جال بچھایا تھا جسے عوام نے مسترد کردیا۔ یو این آئی کے بموجب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے اشارہ دیا کہ ان کی پارٹی کے بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی ۔ جب کہ اس سے قبل ایسا باور کیاجارہا تھا کہ کامیابی کے بعد ممتا بنرجی این ڈی اے سے اتحاد کرسکتی ہیں۔ رائے شماری کے دوران ممتا بنرجی نے اپنے ٹوئٹ پیام میں لکھا کہ بی جے پی اور ہمارے درمیان نظریاتی اختلاف ہے ۔ اس لئے ہم بی جے پی کی تائید نہیں کرسکتے ۔ اس سوال پر کہ آیا آپ چند غیر بی جے پی اور غیر کانگریس اتحاد میں شریک ہوسکتی ہیں ، اس پر ممتا بنرجی نے کہا دیکھتے رہے، آگے آگے ہوتا ہے کیا۔ بنرجی نے کہا کہ مغربی بنگال کی عوام کو بے رحمی کے ساتھ گمراہ کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔چند ریمارکس سے مجھے بہت حیرت بھی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے پارٹی پر مزید ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ چند علاقوں کے عوام اس لئے ووٹ نہیں دے سکے کیونکہ انہیں دہشت زدہ کردیا گیا تھا ۔ ریاست میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر چیف منسٹر مغربی بنگال نے الیکشن کمیشن کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ٹی ایم سی کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے لائحہ عمل کے لئے ٹی ایم سی اپنے انتخابی منشور پر سختی سے عمل پیرا ہوگی ۔ ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ ترنمول کانگریس اس فتح پر30مئی تک ریاست کے مختلف علاقوں میں کلچرل پروگرام اور جشن مناتی رہے گی۔

No question of alliance with bjp, Mamata Banerjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں