کشمیری عوام سے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ - مرکزی وزیر کے بیان کا خیر مقدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-03

کشمیری عوام سے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ - مرکزی وزیر کے بیان کا خیر مقدم

سری نگر
پی ٹی آئی
اعتدال پسند حریت کانفرنس نے آج مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے علیحدہ پسند قائدین پاکستان ہائی کمشنر کے ساتھ بات چیت کرسکتے ہیں جب کہ کانفرنس کے سخت گیر گروپ نے کہا کہ امن اس وقت تک بحال نہیں ہوسکتا تا وقتیکہ کشمیری عوام سے مرکز کے کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوجاتے۔ سنگھ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدر نشین میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مرکز نے یہ حقیقت تسلیم کرلی ہے کہ سیاست یا ڈپلو میسی میں حدیں مقرر نہیں کی جاسکتیں جب کہ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ اس وقت تک امن حاصل نہیں کیاجاسکتا جب تک قومی اور عالمی سطح پر کشمیری عوام سے کئے گئے ہندوستان کے وعدے پورے نہیں کئے جاتے ۔ میر واعظ عمر فاروق نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ سنگھ کا بیان دیر آید درست آید کے مصداق ہے ۔ انہوں نے اسے لائق خیر مقدم تبدیلی اور حقیقت کی قبولیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے لئے ایک دوسرے سے بات چیت کرنے اور کشمیری عوام کو ساتھ رکھنے کے سوا اور کوئی چارہ کار نہیں ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی ہے کہ مرکز کو پامال رستہ کی پالیسیوں پر دوبارہ چلنے کی ضرورت نہیں ہے اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے نئے اقدامات کرے۔28اپریل کو پارلیمنٹ میں ایک تحریری جواب میں سنگھ نے کہا تھا چونکہ پوری ریاست جموں و کشمیر ، یونین آف انڈیا کا اٹوٹ حصہ ہے اور یہ نام نہاد کشمیری قائدین ہندوستانی شہری ہیں ان کے ہندوستان میں کسی ملک کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ میری واعظ نے کہا کہ کشمیر ، ہندوستان، پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان ہے اور حریت نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ تنازعہ کی اصل فریق ہے ۔ انہوںنے ریاستی حکومت پر علیحدگی پسندوں کو خاموش کرنے کے لئے جابرانہ طور طریقے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ۔ میر واعظ نے دھمکی دی کہ اگر علیحدگی پسند وں کی نقل و حرکت پر پابندیاں فوری طور پر نہ اٹھائی جائیں تو زبردست عوامی احتجاج شروع ہوجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں