اترکھنڈ میں کانگریس حکومت بحال - صدر راج برخواست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-12

اترکھنڈ میں کانگریس حکومت بحال - صدر راج برخواست

نئی دہلی ، دہرا دون
یو این آئی
اتر کھنڈ اسمبلی میں سپریم کورٹ زیر نگرانی اعتماد کے ووٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہریش راوت زیر قیادت حکومت کی اقتدار پر واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ جسٹس دیپل مشرا اور شیو کیرتی سنگھ پر مشتمل ایک ڈیویژن بنچ نے آج اعلان کیا کہ ہریش راوت حکومت نے اعتماد کے ووٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔33ارکان اسمبلی نے ان کی تائید میں اور28نے مخالفت میں ووٹ دیا ہے ۔ بنچ نے اسمبلی کی کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ کے مشاہدہ اور مبصر کی رپورٹ کے جائزہ کے بعد فیصلہ کا اعلان کیا ۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے پیش نظر مرکزی کابینہ نے ریاست میں صدر راج کی تنسیخ کی سفارش کی جس سے چیف منسٹر اتر کھنڈ کی سفارش کی جس سے چیف منسٹر اتر کھنڈ کی حیثیت سے ہریش راوت کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ اس واقعہ کو جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ میں معذور خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ٹوئٹ میں کہا کہ بی جے پی نے بد ترین کام کیا اور ہم نے بہترین کام کردکھایا ۔ اتر کھنڈ میں جمہوریت کو کامیابی ملی ہے ۔ توقع ہے کہ مودی جی اس سے سبق حاصل کریں گے کہ ملک کے عوام اور ہمارے آبا و اجداد کے قائم کردہ ادارے جمہوریت کے قتل کو برداشت نہیں کریں گے ۔ چیف منسٹر دہلی اور اے اے پی قائد اروند کجریوال نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹ کا سہارا لیا ۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مودی حکومت کو اتر کھنڈمیں غیر دستوری اور غیر جمہوری طریقہ سے کارروائی کے لئے معذرت خواہی کرنا چاہئے۔ سی پی ایم پولٹ بیورو نے کہا کہ ہریش راوت کی بازما موری بی جے پی کے لئے بڑا دھکہ ہے ۔ایک بیان میں پارٹی نے کہا کہ بی جے پی کو سیکھنا چاہئے کہ ا پوزیشن کی جماعتوں کی زیر قیادت جمہوری منتخبہ ریاستی حکومتوں کو برخواست کرنے کے یہ طریقے کامیاب نہیں ہوں گے ۔بی جے پی نے اپنے طور پر حملہ کی مدافعت کی کوشش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کانگریس نے ریاست میں اکثریت خریدی ہے لیکن وہ اتر کھنڈ کے عوا م کی اکثریت سے محروم ہوگئی ہے ۔ بی جے پی نے کہا کہ کانگریس نے100سے زیادہ مرتبہ صدر راج نافذ کیا۔اس نے کہا کہ اتر کھنڈ تنازعہ کانگریس کے داخلی خلفشار کا نتیجہ تھا ۔ پارٹی کے قومی سکریٹری سریکانت شرما نے الزام عائد کیا کہ کانگریس ارکان اسمبلی نے ہریش راوت کے خلاف اس لئے علم بغاوت بلند کردیا کیونکہ وہ کرپشن میں ملوث ہیں ۔
وزیر اعظم سے پارلیمنٹ میں معذرت خواہی کا مطالبہ
نئی دہلی
پی ٹی آئی
اتر کھنڈ اسمبلی میں فلور ٹسٹ کے نتیجہ سے پرجوش کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ میں معذرتخواہی کرنے اور ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کا انہیں مشورہ دینے والے وزیر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پارٹی ترجمان کپل سبل نے تاہم وزیر کا نام نہیں بتایا ۔ کپل سبل نے اس سوال کو ٹال دیا کہ آیا سپریم کورٹ کی جانب سے صدر راج کی تنسیخ کے پیش نظر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو مستعفیٰ ہونا چاہئے ۔ وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے سبل نے الزام عائد کیا کہ مودی کی دو سالہ حکمرانی میں نمایاں کارکردگی دستور پر حملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ وزیر اعظم بھول چکے ہیں کہ وہ وزیر اعظم ہند ہیں نا کہ آر ایس ایس پرچارک۔

Harish Rawat-led Congress Govt Back Again In Uttarakhand

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں