دہلی میں طاق و جفت اسکیم کے دوسرے مرحلہ کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-16

دہلی میں طاق و جفت اسکیم کے دوسرے مرحلہ کا آغاز

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی میں فضائی آلودگی کا مقابلہ کرنے آج سے طاق۔ جفت اسکیم کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوگیا ہے اور سڑکوں پر خانگی گاڑیاں بڑی کم تعداد میں دکھائی دیں ۔ ادھر چیف منسٹر کجریوال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس پہل کو کامیاب بنانے متحد ہوجائیں ۔ طاق۔ جفت اسکیم کو نافذ کرنے جو15دن یعنی30اپریل تک جاری رہے گی ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہزاروں پولیس ملازمین اور سیول ڈیفنس کے رضا کاروں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اس اسکیم کا اثر پیر کے دن ہی سامنے آجائے گا، جو مکمل کام کا دن ہوگا ۔ آج رام نومی کی تعطیل ہے، جب کہ کل ہفتہ اور پرسوں اتوار ہے ۔ حکومت دہلی جس نے دوسرے مرحلہ کی روڈ راشننگ پالیسی کو فیصلہ کن قرار دیا ہے ، کہا کہ اسکیم پر بلا رکاوٹ عمل آوری کے لئے دو ہزار ٹریفک ملازمین،580انفورسمنٹ عہدیداروں اور زائد از پانچ ہزار سیول ڈیفنس رضاکاروں کو تعینات کی اگیا ہے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر موٹر وہیکلس ایکٹ کی متعلقہ دفعہ کے تحت دو ہزار روپے جرمانہ کیاجائے گا ۔ اتوار کو اسکیم نافذ نہیں رہے گی ۔ اس اسکیم کے تحت طاق تواریخ میں طاق نمبری گاڑیاں چلانی ہوں گی ، جب کہ جفت تواریخ میں جفت نمبر کی گاڑیاں چلائی جائیں گی ۔ کجریوال کے مطابق یکم تا 15جنوری اس پالیسی کے پہلے مرحلہ کے دوران مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے تھے اور آلودگی میں حسب توقع کمی نہیں آئی تھی ، بلکہ ٹریفک کی گہما گہمی میں قابل لحاظ کمی واقعی ہوئی تھی ۔ اس مرتبہ پالیسی میں یہ تبدیلی لائی گئی ہے کہ اسکول یونیفارم میں ملبوس بچوں کو لے جانے والی گاڑیوں، خواتین کی جانب سے چلائی جانے والی گاڑیوں، اہم شخصیتوں ، سوائے عام پارٹی حکومت کے وزراء اور اسٹیکر چسپاں خی ہوئی سی این جی گاڑیوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ حکومت نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ اسکیم کے دوران اسکولی اوقات کے بعد بچوں کو لینے کے لئے جانے والی گاڑیوں کے مسئلہ کا حل تلاش کرنے میں ناکام رہی ہیں ۔ کجریوال نے تجویز پیش کی ہے کہ والدین کارپولنگ ( ایک ہی گاڑی میں سفر) کا طریقہ اختیار کریں تاکہ مسائل سے بچ سکیں ۔ ڈی ایم آر سی نے کہا ہے کہ آئندہ پندرہ دن کے دوران دو سو میٹر ٹرینیں یومیہ3248چکر لگائیں گی جو موجودہ انتظام کے مقابلہ میں56چکروں کا اضافہ ہوگا ۔ حکومت نے خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں پر مشتمل120ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق قومی دارالحکومت میں روڈ راشننگ فارمولہ کے دوسرے مرحلہ پر عمل آوری کے آغاز کے اندرون پانچ گھنٹے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر دہلی ٹریفک پولیس نے زائد از500افراد کو چالان کیا ۔ جنوبی دہلی میں سب سے زیادہ چالان کیے جانے کی اطلاع ملی ہے ۔ جب کہ شہر کے مغربی علاقہ میں ایک بجے دن تک129اور108چالان کئے گئے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ صبح آٹھ بجے تا ایک بجے دن کے دوران511موٹر رانوں کو چالان کئے گئے۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب سابق چیف منسٹر دہلی و سینئر کانگریس قائد شیلا دکشت نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ دہلی میں طاق۔ جفت اسکیم کامیاب نہیں ہورہی ہے ، آج کہا کہ اس اسکیم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر دہلی کجریوال دہلی کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ شیلا دکشت نے جو تین مرتبہ دہلی کی چیف منسٹر رہ چکی ہیٰں ، ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ مجھے واقعی اس میں کوئی فائدہ نظر نہیں آتا ۔ یہ صرف زحمت دینے کا معاملہ ہے ۔ اگر وہ واقعی یہ سمجھتے ہیں کہ یہ پروگرام کامیا ب ہے تبھی انہیں اسے شروع کرنا چاہئے تھا انہیں عوام کے لئے ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں، جو فی الحال نہیں ہیں ۔ آدھی بسیں خراب حالت میں ہیں ، اب لوگ کس طرح سفر کریں گے۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اسکیم کو کامیاب قرار دیتے ہوئے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کجریوال اور حکومت نے اس کی تشہیر کی ہے ، تاکہ ایسا معلوم ہوسکے کہ یہ ایک انوکھی اسکیم ہے ۔ انہوں نے ایسا ہی تاثر دینے کی کوشش کی ہے، لیکن یہ واضح طور پر ناکام رہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں