آر ایس ایس کے نظریات کے خلاف لڑائی جاری رہے گی - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-05

آر ایس ایس کے نظریات کے خلاف لڑائی جاری رہے گی - راہول گاندھی

گوہاٹی
یو این آئی
نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی آر ایس ایس کے نظریہ کے خلاف لڑائی جاری رکھے گی اور ایسے ہندوستان کی تشکیل کے لئے جدو جہد کرے گی جہاں ہر ایک کو اظہار خیال کی آزادی ہو۔ وہ آج آسام کے ضلع گولپاڑہ میں ایک عام جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ راہول گاندھی نے آر ایس ایس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سنگھ پریوار اپنا نظریہ سارے ملک پر مسلط کرنا چاہتی ہے اور ان کی پارٹی ناگپور سے دئے جانے والے احکامات کے خلاف اپنی لرائی جاری رکھے گی۔ وزیر نریندر مودی پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم بلند بانگ دعویٰ کرے ہیں لیکن ان کو کبھی عملی جامہ نہیں پہناتے ۔ کیا اس جلسہ میں شریک کوئی بھی شخص مجھ سے یہ کہہ سکتا ہے کہ اس کے کھاتے میں15لاکھ روپے جمع ہوئے جس کا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا ۔ ریاست کو زائد فنڈز دینے کے بجائے نریندر مودی ریاست کا خصوصی زمرہ کا موقف چھیننے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ریاست میں پائیدار امن لانے کا سہرا تین میعادوں سے جاری ترون گوگوئی کے سر باندھتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ترقی کے لئے امن کی ضرورت ہوتی ہے اور گزشتہ15برسوں میں کانگریس حکومت نے یہ کام کیا ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے آسام کے رائے دہندوں پر وعدوں کی بوچھار کردی جن میں بیروزگار نوجوانوں کے لئے10لاکھ ملازمتوں کی فراہمی، غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے اسکالر شپس کی پیشکش شامل ہے ۔ راہول گاندھی جوزیریں آسام کے طوفانی دورہ پر ہیں ، ان حلقوں میں ریالیوں سے خطاب کررہے ہیں جہاں 11اپریل کو انتخابات کا دوسرا مرحلہ مقرر ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اگر کانگریس اقتدار پو واپس آتی ہے تو وہ اس ترقیاتی عمل کو جاری رکھے گی ۔ اور آسام کے نوجوانوں کے لئے مزید ملازمتوں کو یقینی بنانے کے علاوہ دو لاکھ ٹیچرس کا تقرر کرے گی اور سیول سرویسس کی تیاری کے لئے غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے اسکالر شپس فراہم کرے گی۔

We will continue to fight against ideology of RSS: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں