امریکی فوجوں کی تعیناتی کی اجازت تباہ کن اقدام - اپوزیشن جماعتوں کا شدید ردعمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-14

امریکی فوجوں کی تعیناتی کی اجازت تباہ کن اقدام - اپوزیشن جماعتوں کا شدید ردعمل

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستانی فوجی اڈہ پر بعض خصوصی حالات میں امریکی فوجوں کی تعیناتی کی اجازت دینے سے متعلق ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کے لئے ہندوستان کی اصولی آمادگی پر اپوزیشن جماعتوں کا کانگریس ، سی پی ایم اور جنتادل یو نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی اور اسے قومی اقتدار اعلیٰ کے لئے تباہ کن قرار دیا ۔ کانگریس نے حکومت سے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ امریکہ کے ساتھ مجوزہ فوجی معاہدہ پر پہلی تنقید کرتے ہوئے سینئر پارٹی لیڈر اور سابق وزیر دفاع اے کے انتونی نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف ہندوستان کے لئے تباہ کن ثابت ہوگا بلکہ ملک کی آزادانہ خارجہ پالیسی کے خاتمہ کی شروعات بھی ہوگی۔ انتونی نے کہا کہ یہ تباہ کن ہے ، اس سے دفاعی خود مختاری پر سمجھوتہ ہوگا ۔ انتونی نے مزید کہا کہ اس معاہدہ پر دستخط کرتے ہوئے ہم بتدریج فوجی بلاک کا حصہ بن رہے ہیں جو کہ ہماری پالیسی کے خلاف ہے ۔ انتونی نے ان فوجی ماہرین کے بیانات بھی دہرائے جنہوں نے امریکہ کے ساتھ اس معاہدہ کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ سے ہمیں کوئی قابل لحاظ فائدہ نہیں ہورہا ہے لیکن امریکی فوج کو ہندوستانی تنصیبات تک لا محدود رسائی حاصل ہوجائے گی ۔ اس معاہدہ کے بعد امریکی بحریہ اور فضائیہ کو اپنے جہازوں اور طیاروں ری فیولنگ کی سہولت حاصل ہوگی اور وہ فاضل پرزے اور دیگر سازو سامان کا ہندوستان میں ذخیرہ کرسکیں گے ۔ سینئر کانگریس قائد نے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔ حکومت کیا قدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے سی پی ایم نے کہا کہ اس سے ملک کا قومی اقتدار اعلیٰ اور دفاعی خود مختاری کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ پارٹی پولٹ بیورو نے آج جاری کردہ بیان میں تمام شہریوں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ مودی حکومت کے اس اقدام کی شدید مخالفت کریں ۔ بی جے پی حکومت نے غیر معمولی قدم اٹھایا ہے جس کے بارے میں آزادی کے بعد سے کسی حکومت نے سوچا تک نہیں تھا اس حکومت نے تمام حدود سے تجاوز کردیا ہے۔ جنتادل یو نے بھی یہ کہتے ہوئے اقدام کے خلاف آواز اٹھائی کہ این ڈی اے حکومت کے اس طرح کے معاہدے سے اتفاق کرنے سے نہ صرف قومی سلامتی پر سمجھوتہ کیا گیا ہے بلکہ ہندوستان کو امریکہ کی زیر قیادت فوجی اتحاد میں بھی لا کھڑا کیا گیا ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کہ کہ وہ اس اقدام کی متحدہ طور پر مخالفت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ، پارلیمنٹ میں بھی یہ مسئلہ اٹھائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف امریکہ پاکستان کوF-16لڑاکا طیارے اور دیگر اسلحہ فروخت کررہا ہے اور دوسری جانب ہندوستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے لئے ہاتھ بڑھا رہا ہے ۔ این ڈی اے حکومت امریکہ کے ایجنڈہ کو سمجھنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔

MoU for US access to Indian military base : Oppn condemns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں