نعرہ بازی کے بجائے ترقی پر توجہ دیں - مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-06

نعرہ بازی کے بجائے ترقی پر توجہ دیں - مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بھارت ماتا کی جئے کے نعرہ پر دیویندر پھڈنویس اور رام دیو کے ریمارکس پر تنازعہ جاری ہے ایسے میں مرکزی وزیر نجمہ ہبت اللہ نے آج نعرہ بازی کے بجائے ترقی کی بات کی وکالت کی اور کہا کہ ایسی سیاسی تقریریں ملک میں سابق میں معاملات کو بگاڑنے کی ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے اس بات کو بھی خارج کیا کہ ملک میں بہ حالت موجودہ اقلیتوں میں خوف کی نفسیات پائی جاتی ہے۔ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے وزراء و معتمدین اقلیتی امور کی قومی کانفرنس کے حاشیہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایسے مسائل پر آپ کو ئی رد عمل ظاہر مت کیجئے ۔ صرف ترقی کی بات کیجئے ۔ آپ کو روزی روٹی کا انتظام کرنا ہے ۔ بچوں کو تربیت دینی ہے ، آگے بڑھنا ہے ۔ ایسی سیاسی تقریروں سے ملک میں ماضی میں معاملات بگڑے ہیں جو ترقی سے ہٹاتی ہیں۔ ہمیں نعرہ بازی کے تعلق سے بات کرنا نہیں چاہئے ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ ایسے تنازعات، ترقیاتی کاموں سے این ڈی اے حکومت کی توجہ ہٹانے کے لئے پیدا کئے جاتے ہیں ۔ اخباری نمائندوں کی اس نشاندہی پر کہ حال میں ایسے بیانات، بر سر اقتدار جماعت کے نمائندوں نے زیادہ تر دئیے ہیں تو نجمہ نے کہا کہ لوگوں کو جو چاہے کہہ لینے دیجئے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بات، صرف ترقی پر ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کام کرنے قائل ہیں،ردعمل ظاہر کرنے کی نہیں کیونکہ یہ ان کی ذمہ داری ہے ۔ وہ اب اقتدار میں ہیں ۔ اسی دوران انہوں نے کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ کانفرنس میں غیر بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں کے زیادہ نمائندوں نے شرکت نہیں کی ۔ تقریبا دو برس قبل تشکیل پائی حکومت کی غالبا ایسی یہ پہلی کوشش ہے ۔ اتر پردیش اور دہلی جیسی ریاستوں کی غیر حاضری پر نجمہ نے کہا کہ میں مایوس نہیں ہوں۔ مجھے دکھ ہوا ہے ۔ ہمار کچھ بگڑنے والا نہیں ۔ یہ ان کا نقصان ہے ۔ شرکت نہ کرنے والی ریاستوں کو اقلیتوں کی فلاح و بہبود میں دلچسپی نہیں ۔ اپنی افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر نے حاضرین کو جن میں ریاستی وزرائ، اقلیتی کمیشن کے ارکان اور عہدیدار شامل تھے ، مرکز کی مختلف اسکیموں کی جانکاری دی اور انہیں روبہ عمل لانے میں علاقائی حکومتوں کا تعاون مانگا۔ انہوں نے کہا کہ چھ اقلیتی فرقوں کے بچوں کو تعلیم دینا ان کی حکومت کے ایجنڈہ میں سرفہرست ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرکز، وقف جائیدادوں کو ڈیولپ کرنا چاہتا ہے تاکہ مسلمان با اختیار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ جائیدادیں حاصل کرنا نہیں چاہتی، ترقی دینا چاہتی ہے ۔

Najma backs development more than slogans

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں