پٹھان کوٹ حملہ تحقیقات - پاکستانی ٹیم کو مدعو کرنے پر مودی ملک سے معافی مانگیں - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-06

پٹھان کوٹ حملہ تحقیقات - پاکستانی ٹیم کو مدعو کرنے پر مودی ملک سے معافی مانگیں - کجریوال

نئی دہلی
آئی اے این ایس
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے اڈہ پر حملہ کی تحقیقات کے لئے پاکستانی ٹیم کو اجازت دینے پر ملک سے معافی مانگیں۔ پاکستانی میڈیا کی ان اطلاعات کے دوران کہ پاکستانی تفتیش کاروں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ2جنوری کو ہونے والا حملہ خود ہندوستان کی جانب رچا گیا ایک ڈرامہ تھا ۔ کجریوال نے زور دے کر کہا کہ کیا بی جے پی او ر اسلام آباد کے درمیا ن کوئی سودا ہوا تھا؟ عام آدمی پارٹی قائد نے یہاں صحافت سے ملاقات کے دوران کہا کہ آخر کیا سودا ہوا ہے، ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں ۔ آخر ان لوگوں کو تحقیقات کے لئے مدعو کرنے کی کیا ضرور ت تھی، جنہوں نے خود یہ حملہ کیا تھا۔کجریوال نے کہا کہ پاکستان کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ اڈہ کا دورہ کرنے کی اجازت دینے مودی حکومت کے فیصلہ پر عوام میں سخت برہمی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے یاددہانی کرائی کے2014ء کے لوک سبھا انتخابات کے دوران مودی، انتخابی جلسوں میں گرجتے برستے تھے اور یہ کہا کرتے تھے کہ پاکستان کے ساتھ سختی برتنی ہوگی او ر اسلام آباد کو لولیٹر بھیجنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ کجریوال نے سوال کیا اب کیا ہوگیا ہے ؟ آخر ہمارے وزیر اعظم نے کیوں پاکستان کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں؟ وہ کیا مجبوریاں تھیں جن کی وجہ سے انہیں نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دینے پاکستان جانا پڑا؟ انہیں (حکومت کو) ہمیں یہ بتانا چاہئے کہ آخر کیا سودا ہوا ہے؟ جب مودی پاکستان گئے تب کیا ہوا تھا؟ مودی کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے ہر ایک کو بھارت ماتا کی جئے کہنے پر مجبو رکرنے کے سلسلہ میں بی جے پی قائدین کی حد سے زیادہ دلچسپی کا بھی مذاق اڑایا۔ کجریوال نے کہا وہ ہر ایک سے بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگانے کے لئے کہتے ہیں اور خود انہوں نے بھارت ماتا کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے ۔ یہ ان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ۔ قبل ازیں کجریوال نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ اگرچہ کہ بی جے پی اور آر ایس ایس بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگاتے ہیں، لیکن آئی ایس آئی کو ہندوستان آنے کی اجازت دیتے ہیں ۔ انہوں نے مادر ہند کی پیٹھ میں خنجر گونپا ہے ۔ واضح رہے کہ جس پاکستانی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا اس میں خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا عہدیدار بھی شامل تھا ۔ پاکستانی میڈیا کی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے2جنوری کے پٹھان کوٹ حملہ جس میں سات فوجی ہلاک ہوئے تھے، کے بارے میں یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ہندوستان نے اسلام آباد کو بدنام کرنے خود یہ حملہ کروایا تھا۔ کجریوال نے مزید کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے ۔ پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نے پاکستان کے سامنے ملک کی توہین کی ہے ۔

Modi must apologize over Pathankot probe: Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں