محبوبہ مفتی کی بحیثیت وزیراعلیٰ جموں و کشمیر حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-05

محبوبہ مفتی کی بحیثیت وزیراعلیٰ جموں و کشمیر حلف برداری

جموں
آئی اے این ایس
صدر پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی ( پی ڈی پی) محبوبہ مفتی نے آج جموں و کشمیر کی پہلی خاتون چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ حلف لیتے ہی وہ فوری اپنے دفتر پہنچ گئیں ۔ بی جے پی کے ساتھ وہ22رکنی مخلوط وزارت کی سربراہ ہیں ۔56سالہ محبوبہ مفتی کو جو لوک سبھا کی رکن ہیں ، گورنر این این ووہرا نے 8جنوری کو ریاست میں سدر راج نافذ ہونے کے لگ بھگ تین ماہ بعد راج بھون جموں میں حلف دلایا ۔ نئی حکومت میں پی ڈی پی کے چیف منسٹر کے بشمول نو کابینی اور تین جونیر وزراء ہیں جب کہ بی جے پی کے حصہ میں 8کابینی اور دو جونیر وزراء آئے ہیں ۔ بی جے پی قائد نرمل سنگھ ڈپتی چیف منسٹر برقرار ہیں ۔ ازروئے دستور جموں و کشمیر کی مجلس وزرائ25ارکان سے متجاوز نہیں ہوسکتی۔ محبوبہ مفتی گاڑی میں سوار جموں کے سیول سکریٹریٹ پہنچیں جہاں پر چیف منسٹر وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کے دفاتر ہیں ۔ وہاں انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا ۔ نئی حکومت7جنوری کو اس وقت کے چیف منسٹر مفتی سعید کے انتقال کے بعد تین ماہ کی سیاسی غیر یقینی کے بعد تشکیل پائی ہے۔ پی ڈی پی نے دو کابینی وزراء الطاف بخاری اور جاوید مصطفی کو ہٹا دیا ۔ اس نے تین مرتبہ رکن اسمبلی بنے ظہور میر کو شامل کیا ہے۔ پی ڈی پی نے جونیر وزیر کے طور پر فاروق اندرا بی( نیا چہرہ) کو شامل کیا ہے ۔ بی جے پی نے کابینی وزیر چودھری سکھ دنندن کو ہٹا کر شیام لال چودھری کو جگہ دی ۔ اس نے بھی ایک جونیر وزیر پون گپتا کو ہٹایا ۔ ان کی جگہ نیا چہرہ اجئے آنند کا ہے۔ بی جے پی کے کابینی وزراء میں پیپلز کانفرنس قائد سجاد لون شامل ہیں جو مرحوم علیحدگی پسند سیاستداں عبدالغنی لون کے لڑکے ہیں۔ محبوبہ مفتی، ہندوستان کی واحد مسلم اکثریتی ریاست جموں و کشمیر کی13ویں چیف منسٹر بنی ہیں ۔تقریب حلف برداری میں مرکزی وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو ، مرکزی مملکتی وزیر جتیندر سنگھ اور بی جے پی جنرل سکریٹری رام مادھو کے علاوہ ریاست کے سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ نے شرکت کی۔ پی ٹی آئی کے بموجب محبوبہ مفتی کی وزارت میں پی ڈی پی کے نو اور بی جے پی کے 8کابینی وزیر ہیں ۔ پی ڈی پی کے کابینی وزراء میں عبدالرحمن دیری، غلام نبی لون، عبدالحق خان، بشارت بخاری ، حسیب درابو، چودھری ذوالفقار علی، نعیم اختر اور عمران انصاری شامل ہیں ۔ جب کہ بی جے پی کی نمائندگی نرمل سنگھ، چندر پرکاش، بلی بھگت، لال سنگھ ، سجاد لون، چیرنگ دورجی، اور شیام لال چودھری کررہے ہیں۔ مملکتی وزراء میں بی جے پی اور پی ڈی پی کے فی کس تین نمائندے شامل ہیں۔ پی ڈی پی کی طرف سے وائشہ نقاش، ظہور میر اور فاروق اندرابی جونیر وزیر بنائے گئے جب کہ سنیار کمار شرما، پریہ سیٹھی اور اجئے نندا بی جے پی کے مملکتی وزرا ہیں۔ اسی دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں محبوبہ مفتی کی قیادت میں بنی نئی حکومت سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ حکومت، ریاستی عوام کے خوابوں اور امنگوں کی تکمیل کرے گی۔ محبوبہ مفتی اپنے والد مفتی محمد سعید کی جانشین بنی ہیں ۔ حلف لیتے وقت وہ سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس تھیں ۔ انہوں نے عہدہ رازداری کا حلف اردو میں لیا۔ محبوبہ مفتی کی پارٹی پی ڈی پی 1999میں قائم ہوئی تھی ۔ وہ ہندوستان میں دوسری مسلم خاتون چیف منسٹر بنی ہیں ۔ سید انوارہ تیمور،1980میں آسام میں پہلی مسلم خاتون چیف منسٹر بنی تھیں۔ وہ30جون1981تک اس عہدہ پر فائز رہی تھیں ۔ پی ڈی پی کے ارکان اسمبلی کی تعداد27ہے۔ مرحوم علیحدگی پسند قائد عبدالغنی لون کے لڑکے سجاد لون نے بی جے پی کوٹہ میں اپنی کابینی وزارت برقرار رکھی ۔ حلف برداری کے چند منٹ بعد ہی پی ڈی پی میں اختلافات شروع ہوگئے ۔ سری نگر سے اس کے رکن لوک سبھا طارق حمید نے وزارتی ٹیم کی ہیئت پر کھلے عام تنقید کی ۔ انہوں نے سری نگر میں کہا کہ میں نے تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کیا ہے۔

Mehbooba Mufti takes oath as first woman chief minister in J&K

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں