ممتا بنرجی اور نریندر مودی ایک ہی سکے کے دو رخ - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-14

ممتا بنرجی اور نریندر مودی ایک ہی سکے کے دو رخ - سونیا گاندھی

شجاع پور(مغربی بنگال)
یو این آئی
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج ایک ساتھ وزیر اعظم مودی اور چیف منسٹر ممتا بنرجی کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں قائدین ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں ۔ بحیثیت چیف منسٹر مغربی بنگال میں ممتا بنرجی اور بحیثیت وزیر اعظم مرکز میں نریندر مودی اپنی خود مختاری چلا رہے ہیں۔ یو این آئی کے بموجب انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ممتا بنرجی اور نریندر مودی کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہوچکا ہے اور اس لئے شاردا چٹ فنڈ اسکام کے گناہ گاروں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مغربی بنگال انتخابی مہم میں پہلی مرتبہ تقریر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ پانچ سالوں میں عوام سے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں اور انہوں نے عوام کے سماجی و معاشی استحکام کے لئے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس دونوں عوام دشمن سیاسی جماعت ہے۔ گاندھی نے کہا کہ2011ء میں عوام نے تبدیلی کے لئے ممتا بنرجی کے حق میں ووٹ دیا تھا مگر ان پانچ برسوں میں بنگال کی حالت مزید خراب ہوگئی اور خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ خاتون وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود ممتا بنرجی نے خواتین کے تحفظ کے لئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ، ترنمول کانگریس کے دور حکومت میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کے ساتھ ترنمول کانگریس کی انڈر اسٹینڈنگ ہے اور اس لئے عوام مخالف بلوں کی ممتابنرجی کی پارٹی کے اراکین حمایت کرتے ہیں ۔ سونیا گاندھی نے مالدہ اور اس کے اطراف میں کئی ریلیوں سے خطاب کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی بد عنوانی شاردا، ناردا اور اب فلائی اوور حادثہ میں اجاگر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں اور ممتا بنرجی کی ناکامی کے خلاف ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس اور بایاں محاذ کے اتحاد کو ووٹ دیں۔ سونیا گاندھی کی اتنخابی ریالی میں کانگریس کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری اور سی پی ایم کے امبرمترا بھی موجود تھے ۔ کانگریس کی ممبر پارلیمنٹ موسم نور نے کہا کہ مالدہ ضلع کی بارہ سیٹوں پر کانگریس اور بایاں محاظ کے امید واروںکو ہی کامیابی ملے گی۔

Mamata, PM Modi two sides of the same coin, says Sonia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں