ہندوستان دہشت گردی پر اور پاکستان مسئلہ کشمیر پر اٹل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-27

ہندوستان دہشت گردی پر اور پاکستان مسئلہ کشمیر پر اٹل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان اور پاکستان نے آج باہمی امور پر کچھ صاف صاف بات چیت کی ۔ پڑوسی ملک سے سختی سے کہہ دیا گیا کہ وہ باہمی تعلقات پر دہشت گردی کے اثرات سے انکار نہ کرے جب کہ پ اکستان نے کشمیر کو اصل مسئلہ قرار دیا ۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر اور ان کے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چودھری نے تقریبا90منٹ کی ملاقات کی جس کے دوران چبھنے والے مسائل بشمول پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ،26/11کی سماعت اور سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ تحقیقات زیر بحث آئے ۔ جئے شنکر اور چودھری کی آج کی ملاقات جو اصل میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے نئی دہلی آئے ہیں، جنوری کے پٹھان کوٹ حملہ کے باعث پہلے سے مقررہ ملاقات کے التوا کے بعد پہلا رسمی ررابطہ ہے ۔ دوران ملاقات ہندوستان نے بحریہ کے سابق عہدیدار کلبھوشن جادھو کے اغوا کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ اسے پاکستان لے جایا گیا ۔ ہندوستان نے اس تک قونصل خانہ کے عہدیداروں کو رسائی دینے کا مطالبہ کیا ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ جادھو کا اغوا ہوا تاہم پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے جادھو کو پکڑنے کا مسئلہ اٹھایا اور بلو چستان اور کراچی میں تخریبی سر گرمیوں میں را کے مبینہ ملوث ہونے پر سخت تشویش ظاہر کی ۔ ہندوستان نے اس الزام کی پر زور تردید کی ہے ۔ معتمد خارجہ جئے شنکر نے واضح طور پر کہہ دیا کہ پاکستان باہمی تعلقات پر دہشت گردی کے اثرات سے انکار نہیں کرسکتا ۔ پاکستان میں قائم دہشت گرد گروپس کو بلا روک ٹوک اپنی سر گرمیاں جاری رکھنے نہیں دیا جانا چاہئے ۔ پاکستان کے بیان میں کہا گیا کہ چودھری نے مسئلہ کشمیر اٹھایا اور زور دے کر کہا کہ یہ اصل مسئلہ ہے اور یو این ایس سی آر اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس کا بجا حل ضروری ہے ۔ غور طلب ہے کہ پاکستان نے بات چیت کے نکات اس وقت جاری کردئیے جب کہ دونوں معتمدین کارجہ کی بات چیت جاری تھی ۔ پاکستان کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ہمارے وزیر اعظم کے پر امن پڑوس کے نظریہ کے مطابق معتمد خارججہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں ، ہندوستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا پابند ہے ۔ تمام دیرینہ حل طلب مسائل بشمول جموں و کشمیر تنازعہ پر بات چیت ہوئی ۔ بات چیت کو صاف صاف تعمیری قرار دیتے ہوئے ہندوستان نے کہا کہ انسانی مسائل بھی زیر بحث آئے جن میں مچھیروں اور قیدیوں کی پریشانی بھی شامل ہے ۔ وزارت خارجہ ہند نے کہا کہ دونوں معتمدین خارجہ نے تعلقات کو آگے بڑھانے اور ایک دوسرے سے ربط قائم رکھنے پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کے بموجب چودھری نے بلو چستان اور کراچی میں تخریبی سر گرمیوں میں ریسرچ اینڈ انالیسس ونگ (را) کے مبینہ ملوث ہونے پر سخت تشویش ظاہر کی ہے ۔ جئے شنکر نے اس الزام کی تردید کی ۔ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس میں چودھری نے تشویش ظاہر کی کہ ہندوستانی حکام اصل مشتبہ افراد کو رہا کررہے ہیں ۔ پاکستانی معتمد خارجہ نے نشاندہی کی کہ بارہا گزرش کے باوجود ہندوستان نے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس کی تحقیقاتی رپوٹس فراہم نہیں کیں جس میں42پاکستانیوں نے اپنی جان گنوائی تھیں۔ آئی اے این ایس کے بموجب ہندوستان نے2جنوری کے پٹھان کوٹ حملہ کی پاکستانی تحقیقات میں جلد اور دکھائی دینے والی پیشرفت کا منگل کے دن مطالبہ کیا ۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے اپنے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چودھری سے اپنی بات چیت کے دوران پٹھان کوٹ حملہ کیس کی تحقیقات اور26/11ممبئی دہشت گرد حملہ کیس کی پاکستان میں سماعت میں جلد اور دکھائی دینے والی پیشرفت کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت صاف صاف اور تعمیری ہوئی ۔ جئے شنکر نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی اقوام متحدہ کی1267تحدیدات کمیٹی فہرست میں شمولیت بھی سامنے لائی۔ پٹھان کوٹ حملہ میں جیش کا ہاتھ ہے ۔

Kashmir and Terror, No headway in India-Pak talk

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں