جنگ میں فتح مسلح افواج میں اشتراک و تعاون سے ممکن - صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-16

جنگ میں فتح مسلح افواج میں اشتراک و تعاون سے ممکن - صدر جمہوریہ

ولنگٹن(ٹاملناڈو)
پی ٹی آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج تینوں مسلح افواج میں اشتراک و تعاون پر زور دیا ہے تاکہ جنگوں میں واضح کامیابی حاصل کی جائے اور ملک کی سالمیت کو موثر طور پر برقرار رکھا جاسکے ۔ باوقار ڈیفنس سرویس اسٹاف کالج (ڈی ایس ایس سی) میں71ویں اسٹاف کورس کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اتحاد نے ہندوستان کو1971کی جنگ میں کامیابی دلائی تھی ، جس کے نتیجہ میں بنگلہ دیش کو آزاد کروایا جاسکا ۔ صدر جمہوریہ نے کہا بری، بحری اور فضائی افواج ملکی طاقت کے فوجی عناصر ہیں ۔ جنگوں کی تاریخ میں اس بات کا مشاہدہ ملتا ہے کہ جنگ میں واضھ کامیابی ان تینوں مسلح افواج میں اتحاد کے ذریعہ ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں مسلح افواج کے درمیان باہم اشتراک و تعاون اور اتحاد کی بہترین مثال1971ء کی جنگ کے دوران دیکھنے کو ملتی ہے ۔ دنیا میں کسی بھی مسلح فوج نے اس طرح کی دفاعی فوجی کامیابی کی حالیہ تاریخ میں مثال پیش نہیں کی ہے، جیسی کہ بنگلہ دیش کو آزاد کروانے میں ہندوستان کی مسلح افواج نے پیش کی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں جنگ کے اختتام پر ایک نئے ملک کا وجود ظہور میں آیا۔ مکرجی نے کہا کہ ڈی ایس ایس سی کے نصاب کو اس طرح مدون کیا گیا ہے کہ مسلح افواج میں منظم اشتراک و تعاون کو یقینی بنایاجائے۔ کنوکیشن میں تینوں مسلح افوا اور نیم فوجی فورسس کے عہدیداروں کے علاوہ 25دوست ممالک کے35عہدیداروں کو کالج کی سندوں سے نوازا گیا ۔ صدر جمہوریہ نے انہیں اسناد اور میڈلس عطا کئے مکرجی نے فارغ التحصیل عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ مختلف جنگوں کی تاریخ سے اچھی طرح واقفیت حاصل کریں اور کامیاب فوجی مہمات کے لئے عصری دنیا میں دستیاب جدید ترین تکنالوجی سے واقف ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ مسلح فورسس کی جنگی طاقت کو موثر بنانے کے لئے اس بات کو زیادہ شعوری انداز میں سمجھیں ۔

Jointness of armed forces must for victory: President Pranab

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں