ایران میں 20 بلین ڈالر سرمایہ کاری کا فیصلہ - وزیر خارجہ کی ایرانی قائد سے بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-18

ایران میں 20 بلین ڈالر سرمایہ کاری کا فیصلہ - وزیر خارجہ کی ایرانی قائد سے بات چیت

تہران
پی ٹی آئی
صدر ایران حسن روحانی نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج کو تیقن دیا کہ ان کا ملک ہندوستان کی توانائی کی ضروریات میں قابل بھروسہ شراکت دار ہوسکتا ہے۔ دونوں ممالک نے اپنے مجموعی تعلقات بالخصوص تیل اور قدرتی گیس کے شعبوں میں تعاون کو قابل لحاظ توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سشما سوراجج نے جو کل یہاں پہنچی ہیں ، روحانی سے ملاقات کی اور اپنے ایرانی ہم منصب جاوید ظریف کے علاوہ اعلیٰ رہنما سید علی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی سے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ روحانی نے سوراج سے کہا کہ ایران ، ہندوستان کی توانائی کی ضروریات کا قابل بھروسہ شراکت دار ہوسکتا ہے ۔ ہندوستان، نیو کلیر تحدیدات کی برخواستگی کے پیش نظر ایران کے ساتھ توانائی کے گہرے تعلقات پر گہری نظریں لگائے ہوئے ہے اور تیل اور قدرتی گیس کے ساتھ ساتھ پٹرول کیمیکل اور فرٹیلائزر کے شعبہ جات میں 20بلین امریکی دالر کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندوستان ، ایران سے یومیہ موجودہ ساڑھے تین لاکھ بیارل تیل کی درآمدات میں اضافہ کرنے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے بتایا کہ روحانی نے کہا کہ پورے خطہ کو مربوط کرنے کے لئے چھبرہار بندرگاہ کا تذکرہ کیا ۔ توانائی میں تعاون میں اضافہ اور چھبر ہاربندرگاہ کو فروغ دینا بات چیت کا مرکزی موضوع بحث رہا ۔ روحانی نے ہندوستان کے ساتھ علاقائی امور بالخصوص افغانستان اور دہشت گردی کے چیلنج پر قریبی مشاورت کی توقع رکھتا ہے ۔ سشما سوراج نے ظریف کے ساتھ اپنی بات چیت میں کہا کہ ہندوستان ہمیشہ ایران کو اپنے توسیعی پڑوسی کے طور پر دیکھتا ہے ۔ انہوں نے مختلف شعبوں بالخصوص تیل اور گیس میں سرمایہ کاری میں اضافہ کی ہندوستان کی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ روحانی نے روس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنی ملاقات کو یاد کیا اور سوراج سے کہا کہ وہ اپنی نیک خواہشات ان تک پہنچائیں ۔ صدر نے ہندوستان کے ساتھ تعلیمی سائنٹفک اور ٹکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے سوراج سے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے تاریخی ثقافتی روابط رہے ہیں اور اس سے سیاحت اور عوام سے عوام کے تعلقات میں شراکت داری میں اضافہ کی راہ ہموار ہوسکتی ہے ۔قبل ازین ظریف کے ساتھ بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے زیر التوا معاہدات جیسے ترجیحی تجارتی معاہدہ، دوہرے ٹیکس سے گریز کا معاہدہ اور باہمی سرمایہ کاری معاہدے کو ترجیحی اساس پر پایہ تکمیل کو پہنچانے سے اتفاق کیا ، تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوسکے ۔ سوراج نے کہا کہ بات چیت نہایت کامیاب رہی اور صدیوں قدیم ہمارے تعلقات میں نئی توانائی کا باعث بنے گی، بالخصوص معاشی شراکت داری میں قابل لحاظ اضافہ ہوگا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایران نے کلبھوشن جادھو کا مسئلہ نہیں اٹھایا ۔ جادھو کا ایران سے داخل ہونے کے بعد مبینہ طور پر بلو چستان میں گرفتار کیا گیا تھا اور پاکستان نے ا س پر تخریبی سر گرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں