یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا 10 واں مقام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-07

یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا 10 واں مقام

علی گڑھ
یو این آئی
حکومت ہند کی وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کی تشکیل کردہ نیشنل انسٹیٹیوشنل رینکنگ فریم ورک( این آئی آر ایف) نے حال ہی میں جاری ہندوستانی یونیورسٹیوں کی ایک رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو 10واں مقام دیا ہے۔ اے ایم یو رینکنگ اور پروگریشن کمیٹی کے اراکین نے اے ایم یو کے وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ریٹائرڈ سے ملاقات کی اور انہیں این آئی آر ایف کے ذریعہ یونیورسٹی کی رینکنگ کے لئے اختیار کئے گئے طریقے اور تجزیاتی نکات کے تعلق سے معلومات مہیا کرائیں ۔ وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل شاہ نے یونیورسٹی برادری سے اپیل کی ہے کہ مستقبل میں یونیورسٹی کی اچھی رینکنگ کے لئے وہ موجودہ تعلیمی و تحقیقی خامیوں کی اصلاح پر توجہ دیں ۔ رینکنگ اینڈ پروگریشن کمیٹی ، جس کے صدر پروفیسر امتیاز حسنین ، کنوینر پروفیسر اسعد یو خاں اور رکن پروفیسر ایم رضوان خاں ہیں، نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کی رینکنگ کے لئے ایک سے دس پائیدان کے اندر چار تحقیقی اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن کو اگر شمار نہ کیاجائے تو اے ایم یو کا مقام چھٹا ہے ۔ کمیٹی نے بتایا کہ مذکورہ رینکنگ سروے میں کل3500یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو شامل کیا گیا تھا۔ رینکنگ کے تنقیدی جائزے کے بعد کمیٹی نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ تجربہ کی بنیاد پر اے ایم یو کو بی آئی ٹی پلانی اور آسام کی تیج پور یونیورسٹی سے بھی نیچے رکھا گیا ہے جب کہ اس کی مساوی یونیورسٹیوں ڈی یو، بی ایچ یو اور جے این یو کو اس بنیاد پر100فیصد پوائنٹ دئے گئے ہیں۔ کمیٹی نے بتایا کہ تحقیق، پیشہ ورانہ مہارت ، معاون پروگراموں کے میدان میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جے این یو، حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی اور ڈی یو سے کچھ اوپر ہے جب کہ تعلیم و تربیت اور وسائل کے معاملات میں اے ایم یو اور بی ایچ یو مساوی ہیں ۔ اس کے علاوہ بنیادی سہولیات کی بنیاد پر اے ایم یو کو جے این یو اور ڈی یو سے پیچھے ہونا پڑا ہے جب کہ اس سلسلہ میں وہ ایچ سی یو سے کافی آگے ہے ۔ اسی طرح سماجی خدمات کے پروگرامون اور سماج کے پسماندہ طبقات کو اوپر اٹھانے میں تعاون کرنے کے معاملے میں بی ایچ یو کو اے ایم یو پر معمولی سبقت حاصل ہے جب کہ اے ایم یو اور ڈی یو اس میدان میں برابری پر ہیں۔

AMU ranked 10th by NIRF

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں