بنگال میں ترنمول کانگریس تبدیلی لانے میں ناکام - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-28

بنگال میں ترنمول کانگریس تبدیلی لانے میں ناکام - وزیر اعظم مودی

کھڑک پور، مغربی بنگال
پی ٹی آئی
مغربی بنگال میں اپنی انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ترنمول کانگریس پر کرپشن کے الزامات پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال میں اتحادی جماعتوںسی پی ایم اور کانگریس پر شدید تنقید کی ۔ نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں بنگال میں کوئی صنعت قائم نہیں ہوئی اور جو واحد صنعت ترقی کررہی ہے وہ بم سازی صنعت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بنگال میں گزشتہ پانچ سالوں میں واحد تبدیلی یہ دیکھنے میں آئی ہے کہ چیف منسٹر ممتا بنرجی خود کو ان دنوں شہنشاہ تصور کرتی ہیں۔ انہوں نے ممتا بنرجی پر ریاست میں کوئی تبدیلی لانے میں ناکامی کا الزام عائد کیا ۔ وزیر اعظم نے شردھا اسکام سے نریڈا اسٹنگ آپریشن تک کرپشن کے مسئلہ پر حکمراں ٹی ایم سی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی کے قائدین مبینہ طور پر پوچھ رہے ہیں کہ انہیں رشوت کی اگلی قسط کب ملے گی۔ میں بنگال کے لوگوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا انہوں نے کرپشن کے حق میں ووٹ دی اتھا ، کیا عوام نے کرپشن کے لئے حکومت تشکیل دی تھی؟ پوری ٹی ایم سی قیادت کو کیمرہ کے سامنے رشوت لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ وہ پوچھ رہے ہیں کہ انہیں آئندہ قسط کب ملے گی ۔ عوام کی دولت کو لوٹا جارہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تقریبا دو برسوں سے دہلی میں بر سر اقتدار ہیں ، کیا آپ نے کسی اسکام کے بارے میں کبھی سنا؟ ہم عوام کی دولت لوٹنے کے بجائے بھوکے رہنے کو ترجیح دیں گے ۔34سالہ قدیم بائین بازو کی حکومت نے بنگال کو تباہ کردیا اور گزشتہ پانچ برسوں میں ٹی ایم سی نے عوام کی خواہشات ، امنگوں اور ان کے خوابوں کو پامال کیا ہے ۔ ٹی ایم سی بنگال کو تباہ و برباد کردیا ۔ انہوں نے عوام سے ایک باربی جے پی کی تائید کرنے کی اپیل کی ۔ پانچ سال پہلے میں نے سوچا تھا کہ بنگال میں تبدیلی آئے گی، لیکن ہماری خواہشات ناکام ہوگئی ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بنگال میں کوئی نئی صنعت قائم نہیں ہورہی ہے اور صرف بم سازی کی صنعت فروغ پارہی ہے ۔ لیکن ریاستی حکومت اس صنعت کو جرم تصور نہیں کرتی۔ آپ دھماکون اور غنڈوں کا استعمال کرتے ہوئے عوام کے دل نہیں جیت سکتے ۔ عوام آپ کو منہ توڑ سبق سکھائیں گے ۔ نریندر مودی نے بائین بازو اور کانگریس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعتیں مغربی بنگال میں تو متحد ہوئی ہیں ، لیکن کیرالا میں ایک دوسرے کے خلاف لڑ رہی ہیں ، چنانچہ وہ بنگالیوں کی دانشمندی کی اہانت کررہے ہیں ، لیکن بنگالی ایسا کرنے والوں کو کبھی نہیں بخشیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں پردہ کے پیچھے کھیل کھیلا جارہا ہے ۔ کیرال میں وہ کشتی لڑ رہے ہیں ، لیکن بنگال میں دوستی کررہے ہیں ۔ یہ بنگالیوں کی دانشمندی کے لئے ایک چیلنج ہے ۔ اگر ان میں ہمت ہوتی تو انہیں اعتراف کرنا چاہئے تھا کہ وہ موقع پرست ہیں اور اقتدار کے بھوکے ہیں ، اور انہیں کیرالا یا بنگال سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔

West Bengal Elections: PM Modi attacks TMC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں