وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آر نے گوداوری پانی سے متعلق 60 سالہ تنازعہ حل کر لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-04

وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آر نے گوداوری پانی سے متعلق 60 سالہ تنازعہ حل کر لیا

حیدرآباد
اعتماد نیوز
وزیربرقی جگدیشور ریڈی نے کہا ہے کہ دریائے گوداوری کے پانی کے استعمال اور اس پر بیاریجس کی تعمیر کے معاملہ میں پائے جانے والے60سالہ تنازعہ کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے صرف ایک سال میں حل کرلیا ہے ۔ پیشرو کانگریس حکومت نے اپنے دس سالہ دور میں بھی گوداوری پر بیاریجس تعمیر کرنے کے لئے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کو رضا مند کروانے میں ناکام رہی جب کہ اس وقت مہاراشٹرا میں بھی کانگریس کی حکومت تھی ۔ تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جگدیشور ریڈی نے کہا کہ گوداوری پر بیاریجس تعمیر کرنے کے لیے حکومت مہاراشٹرا خود آگے آئی ہے اس کا سہرا چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کے سرجاتا ہے جنہوں نے سالوں سے زیر التوا پراجیکٹ کی تعمیر کے مسئلہ کو حل کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کے ذریعہ ہی کسی بھی مسئلہ کو حل کیاجاسکتا ہے ۔ جگدیشور ریڈی نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں علاقہ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر کو روکنے کے لئے اس معاملہ کو التوا میں رکھ دیا گیا تھا لیکن چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنی خصوصی دلچسپی سے اس مسئلہ کو حل کرلیا۔ وزیر برقی نے کہا کہ سابق مین حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے گوداوری پر کئی پراجکٹس تعمیر کئے گئے لیکن کسی بھی چیف منسٹر نے اس پر اعتراض نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری کے پانی کے استفادہ سے تلنگانہ کے کسانوں میں خوشحالی آئے گی ۔ جگدیشور ریڈی نے تلنگانہ کے کسانوں کی جانب سے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے قائد جتندر ریڈی نے دریائے گوداوری کے پانی کے استعمال کے سلسلہ میں دونوں ریاستوں تلنگانہ اور مہاراشٹراکے درمیان طے ہونے والے معاہدہ کو تاریخی قرار دیا اور ملک کی دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ کو ماڈل بناتے ہوئے اپنیا پنے علاقوں کے آبی مسائل کوحل کریں۔ دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جتندر ریڈی نے کہا کہ گوداوری کے پانی سے استفادہ کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت نے جو فیصلہ لیا ہے اس سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی کامیابی ظاہر ہوتی ہے کیونکہ کیرالا اور ٹاملناڈو، پنجاب اور ہریانہ ، گوا اور کرناٹک، آندھر اپردیش اور اڑیسہ، آندھرا اور تلنگانہ کے درمیان دریاؤں کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر کئی تنازعات چل رہے ہیں۔ ایسے حالات میں چیف منسٹر نے مہاراشٹرا حکومت کے ساتھ گوداوری کے پانی کے استعمال پر رضا مند کروالیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے سی آر نے ممبئی کا دورہ کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس سے ملاقات کی اور گوداوری کے پانی کے استعمال کے سلسلہ میں معاہدہ کی پیشکش کی جسے مہاراشٹرا حکومت نے قبول کرلیا اور8مارچ کو دونوں ریاستوں کے درمیان معاہدہ طے ہونے والا ہے ۔

Telangana CM KCR solved 60-year-old dispute about Godavari water

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں