کلچرل فیسٹیول کے لئے فوجیوں کا استعمال شرمناک - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-09

کلچرل فیسٹیول کے لئے فوجیوں کا استعمال شرمناک - کانگریس

نئی دہلی
پی ٹی آئی
شری شری روی شنکر کے ایک خانگی پروگرام کے لئے دریائے جمنا پر پلوں کی تعمیر کے لئے فوجی جوانوں کے استعمال پر کانگریس نے آج یہ کہتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی کہ یہ شرمناک ہے اور ان سے دریافت کیا کہ یہ آیا ان کی قوم پرستی اور حب الوطنی ہے۔ جمعہ سے شروع ہونے والے سہ روزہ متنازعہ کلچرل پروگرام پر ایک اور اپوزیشن پارٹی جنتا دل یو نے ماحولیاتی ابتری کا مسئلہ اٹھانے کے لئے راجیہ سبھا کو نوٹس دی۔ کانگریس نے پوچھا کہ یہ تکلیف دہ خبر ہے کہ وزیر دفاع نے ہندوستانی جوانوں کو دریائے جمنا پر پل تعمیر کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اور پوچھا کہ آیا یہ جوانوں کا کام ہے۔ کانگریس نے اپنے تبصرے میں کہا کہ مودی حکومت ہمارے جوانوں کا اس طرح احترام کرتی ہے ۔ کنٹراکٹ لیبر کی حیثیت سے فوج کے استعمال کا کیا جواز ہے ۔ پارٹی نے اپنے ویب سائٹ پر تبصرے میں کہا کہ ہندوستانی جوانوں نے عظیم ملک کے احترام میں اپنی جانیں قربان کی ہیں اور یہ مودی حکومت کے لئے شرمناک ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے بہادر فوج کو ایک خانگی تنظیم کے لئے کام کرنے کی ہدایت دے ۔ مسٹر وزیر اعظم کیا یہی آپ کی قوم پرستی ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ وزیر اعظم اور بی جے پی کو مسلح افواج کے ساتھ سیاسی کھلواڑ نہیں کرنا چاہئے ۔ بی جے پی اور اس کے وزیروں کے لئے قوم پرستی صرف ووٹ حاصل کرنے کا محاورہ ہوسکتا ہے لیکن جوانوں کے لئے قوم پرستی ان کی زندگی اور خون میں شامل ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جنتادل یو کے صدر شرد یادو نے راجیہ سبھا کے صدر نشین حامد انصاری کو نوٹس دی ہے ۔ یادو کل ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے فوری بعد یہ مسئلہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے اتوار کو اختتامی تقریب میں شرکت سے گریز کرلیا ہے ۔ آج ایسی قیاس آرائیاں کی گئیں کہ آیا وزیر اعظم جمعہ کو پروگرام کا افتتاح کریں گے ۔ کانگریس کی بریفنگ میں پارٹی ترجمان شمتا دیب نے آرٹ آف لیونگ پروگرام پر سوالات سے خود کو الگ تھلگ کیا انہوں نے کہا کہ جہاں تک میری معلومات کا تعلق ہے یہ معاملہ نیشنل گرین ٹریبونل میں زیر التوا ہے۔ چونکہ اس کے قانونی مضمرات ہیں، میرا خیال ہے کہ بحیثیت پارٹی ہمیں اس پر کوئی موقف اختیار کرنا چاہئے ۔ جو بھی قانون ہے اس پر عمل آوری ہونا چاہئے اور ہم اس کا احترام کریں گے اور توقع ہے کہ اسے حل کرلیاجائے گا۔ لیکن یہ ایک اہم پروگرام ہے اور اگر یہ ہوتا ہے تو ہم اس کی کامیابی کے متمنی ہیں ۔

Sri Sri's event: Congress slams Modi for use of soldiers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں