وزیر اعظم تین ملکوں کے دورہ پر روانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-30

وزیر اعظم تین ملکوں کے دورہ پر روانہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج رات سہ قومی دورہ پر روانہ ہونے سے قبل بروسلز کے خوفناک دھماکوں کے پس منظر میں بلجیم کے عوام کی حوصلوں کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستان ان کے ساتھ شانہ بشانہ موجود ہے ۔ نریندر مودی بروسلز سے واشنگٹن روانہ ہوں گے جہاں31مارچ اور یکم اپریل کو ایٹمی سلامتی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ وہاں سے دو روزہ دورہ پر سعودی عرب جائیں گے ۔ جہاں توانائی اور سلامتی تعاون کو فروغ دینے پر ان کی توجہ ہوگی ۔ بروسلز میں مودی13ویں ہند۔ یوروپی یونین کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ روانگی سے قبل جاری کئے گئے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ بروسلز میں ان کی ہمہ رخی مصروفیات ہوں گی ۔ انہوں نے28رکنی بلاک کو اہم تجارتی شراکت دار قرار دیا۔ سعودی عرب کے بارے میں مودی نے کہا کہ خلیجی ملک سے ہندوستان کے تعلقات خصوصی ہیں ، انہوں نے کہا کہ وہ باہمی تعلقات کو وسیع اور مضبوط بنانے کے لئے سعودی قیادت کے ساتھ کام کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بروسلز کو مودی کا دورہ شہر میں ہوئے ہلاکت خیر حملوں کے آٹھ دن بعد عمل میں آرہا ہے ان دھماکوں میں کم از کم35افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک ہندستانی بھی شامل ہے ۔ ان خود کش حملوں میں زائد از تین سو افراد زخمی ہوگئے ۔ مودی نے کہا کہ بلجیم کے عوام کے صبر و تحمل اور حوصلہ کو سلام کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں ۔ خوفناک حملوں کے پس منظر میں ہم شانہ بشانہ ان کے ساتھ ہیں اور ان کے چہیتوں کی زندگیاں ضائع ہوجانے پر ان کے دکھ میں شریک ہے۔ وزیر اعظم طویل عرصہ سے زیر التوا ہند۔ یورپی یونین کانفرنس میں شرکت کے علاوہ بلجیم میں اپنے ہم منصب چارلس مائیکل سے کل تبادلہ خیال کریں گے تاکہ تجارت و سرمایہ کاری کے بشمول مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلجیم کے ساتھ ہمارے تعلقات گہرے ہیں اور ہم نے مصیبت کی گھڑی میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔ یاد رہے کہ یوروپی یونین میں بلجیم، ہندوستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ مودی 2اور3اپریل کو سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں ۔ وہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں ۔ ان کے شاہ سلمان سے تبادلہ خیال کے ایجنڈہ میں علاقائی صورتحال پر بات چیت شامل ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہمارے معاشی تعلقات وسیع ہورہے ہیں ، سعودی عرب ، ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ہندوستان کو خام تیل کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے ۔ شاہ سلمان سے ملاقات کے علاوہ مودی شاہی خاندان کے دیگر اہم ارکان سے بھی ملاقات کریں گے ۔

Prime Minister Modi leaves on visit to three countries

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں