جموں و کشمیر میں ایک ہفتہ میں حکومت کی تشکیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-23

جموں و کشمیر میں ایک ہفتہ میں حکومت کی تشکیل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت پر تعطل ایسا لگتا ہے کہ ختم ہوگیا ہے ۔ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس ملاقات کو ریاست کے عوام کے مسائل کی یکسوئی کے لئے بے حد مثبت اور اچھی قرار دیا۔محبوبہ مفتی ، صبح وزیر اعظم کی قیام گاہ پہنچیں ۔ بہ مشکل تین دن قبل بی جے پی قائد رام مادھو نے کہہ دیا تھا کہ ان کی پارٹی، اپنی سابقہ حلیف پی ڈی پی کا کوئی نیا مطالبہ ماننے والی نہیں ۔ وزیر اعظم سے تیس منٹ کی ملاقات کے بعد باہر نکلتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ وزیر اعظم سے ان کی ملاقات بے حد مثبت اور اچھی رہی۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ریاست میں تشکیل حکومت پر گزشتہ دو تا تین ماہ سے تعطل تھا لیکن آج میں مطمئن ہوں۔ میں بے حد مطمئن ہوں ۔ اس سوال پر کہ آیا تعطل ختم ہوگیا، انہوں نے کہا کہ جب آپ ملک کے وزیر اعظم سے ملتے ہیں تو فطری طور پر جموں و کشمیر کے عوام کو در پیش مسائل کا حل مزید واضح ہوجاتا ہے ۔ وہ سری نگر واپس ہوں گی جہاں وہ جمعرات کو اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو اس کی جانکاری دیں گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مجھے میری پارٹی کے ارکان اسمبلی نے فیصلہ کا اختیار دیا ہے میں نے جمعرات کو اجلاس طلب کیا ہے اور اس کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔ مودی ، محبوبہ مفتی ملاقات کے بارے میں پوچھنے پر مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ یہ تعمیری اور اچھی رہی بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں آئندہ ایک ہفتہ میں مخلوط حکومت قائم ہوسکتی ہے ۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور سینئر بی جے پی لیڈر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ملاقات کو حکومت کی تشکیل کے لئے مثبت قرار دیا ۔ پی ڈی پی کے ذرائع نے بتایا کہ لیجسلیٹیو پارٹی میٹنگ کے بعد حکومت کی تشکیل کے لئے دونوں جماعتوں کی میٹنگ ہوگی ، اور کابینہ کی ہیت ترکیبی کو قطعیت دی جائے گی۔ محبوبہ مفتی ریاست کی پہلی خاتون چیف منسٹر ہوں گی۔

PDP, BJP likely to form government in J&K in first week of April

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں