پرانے شہر میں میٹرو ریل کی تعمیر کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا - ٹی آر ایس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-13

پرانے شہر میں میٹرو ریل کی تعمیر کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا - ٹی آر ایس

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤنے بتایا کہ پرانا شہر میں5.5کلو میٹر طویل حیدرآباد میٹرو ریل روٹ کی یکسوئی کے سلسلہ میں ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی کو خصوصی دعوت دی جائے گی۔ شہر کے ارکان اسمبلی و کونسل کو بھی بلایاجائے گا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ میٹرو ریل کی پرانے شہر میں تعمیر کوئی بڑا مسئلہ نہٰں ہے ۔ اسے آسانی سے حل کرلیاجائے گا۔ اس سلسلہ میں مجلس کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ بہت جلد یہ کام شروع کیاجائے گا۔ پرانا شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کے سلسلہ میں سروے اور مارکنگ کا کام ہوچکا ہے ۔ بہت جلد اس کا ایک حل نکالاجائے گا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران میٹرو ریل سے متعلق ایک سوال کے دوران ذیلی بحث میں مجلسی رکن سید الطاف حیدر رضوی کے جواب میں یہ بات بتائی ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہحیدرآباد میٹرو ریل کی آوٹر رنگ رڈ کی آبادیوں تک توسیع کے بارے میں حکومت نے ابھی کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے ۔لیکن حیدرآباد میٹرو ریل کی مزید83کلو میٹر توسیع منصوبہ زیر غور ہے ۔ اس پراجکٹ پر لی اسوسی ایٹس کی جانب سے پانچ روٹس پر جامع مطالعہ کیاجارہا ہے ۔ اس رپورٹ کے بعد حکومت اس پر فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کے کام شیڈول کے مطابق مکمل کئے جائیں گے ۔ میٹرو ریل پراجکٹ پر عمل آوری میں تاخیر کا جو الزام لگایاجارہا ہے وہ حقائق سے بعید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل کی مزید83کلومیٹر پانچ روٹس پر توسیع کے بارے میں جو اسٹڈی کی جارہی ہے اس کے تحت میاں پور سے پٹن چیرو13کلو میٹر ، ایل بی نگر سے حیات نگر پانچ کلو میٹر ، ناگول سے شمس آباد 28کلو میٹر ، تارناکہ سے ای سی آئی ایل سات کلو میٹر اور رائے درگم، گچی باؤلی سے شمس آباد تیس کلو میٹر روٹس شامل ہیں ۔ ایوان میں میٹرو ریل سے متعلق ٹی آر ایس کے رکن ایم ایس پربھاکر نے میٹرو ریل کی توسیع سے متعلق سوال کیا تھا ۔ اس پر وزیر بلدی نظم و نسق نے بتایا کہ فی الحال حکومت نے کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے ۔ البتہ آوٹرنگ روڈ کے اندر جو180آبادیاں موجود ہیں ۔ ان آبادیوں کے ٹرانسپورٹیشن کے لئے شٹل بسیں اور دیگر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔

Old city Metro route to solve soon, TRS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں