تحفظات پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں - وزیر اعظم مودی کا امبیڈکر میموریل لکچر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-22

تحفظات پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں - وزیر اعظم مودی کا امبیڈکر میموریل لکچر

نئی دہلی
ائی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے دن یہ کہتے ہوئے غیر مرراعات یافتہ افراد کے تحفظات پر بحث ختم کرنے کی کوشش کی کہ جب بھی بی جے پی بر سر اقتدار آتی ہے جھوٹی باتیں پھیلائی جاتی ہیں ۔ مودی نے یہاں بی آر امبیڈکر نیشنل میموریل کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ساٹھ برس میں کچھ نہیں کرسکے وہ اکثر جھوٹی باتیں پھیلاتے ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ واجپائی جی جب وزیر اعظم بنے تھے کہاجانے لگا تھا کہ تحفظات برخواست ہوجائیں گے ۔ وہ دو مرتبہ وزیر اعظم رہے، ایسا کچھ بھی نہیں ہوا لیکن جھوٹی باتیں ہنوز پھیلائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش اور گجرات میں جہاں بی جے پی کئی برس سے برسر اقتدار ہے دلتوں اور قبائلیوں کے تحفظات کو کبھی کچھ نہیں ہوا لیکن عوام کو گمراہ کرنے جھوٹی باتیں ہنوز پھیلائی جارہی ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غلط جانکاری کی مہم وہ لوگ چل رہے ہیں جو تحفظات کے مسئلہ پر صرف سیاست کرنا چاہتے ہیں ۔ مودی نے بابا صاحب بی آر امبیڈکر کو زبردست خراج ادا کیا اور ان کا تقابل امریکی شہری حقوق کارکن مارٹن لوتھر کنگ جونیر سے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بارہا یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ مرکز اور ریاستوں میں بی جے پی جب بھی بر سر اقتدار آئی ہے بی آر امبیڈکر کی تعلیمات اور اقدار کو برقرار رکھنے کی کوششیں کی گئیں۔ بر سر اقتدار بی جے پی اور مودی حکومت حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں دلت طالب علم ویمولا روہت کی موت کے تنازعہ اور موجودہ تحفظات پالیسی کو بدل دینے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے مبینہ دباؤ کے لئے نشانہ تنقید بنی ہوئی ہے ۔ اتوار کو دو روزہ قومی عاملہ اجلاس کے اختتام پر بی جے پی کی مرکزی قیادت نے دلتوں کا دل جیتنے تفصیلی روڈ میاپ تیار کیا۔ مودی نے کہا کہ حکومت18ہزار مواضعات میں برقی سربراہ کرتے ہوئے امبیڈ کر کا خواب پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جب ان مواضعات میں برقی آجائے تو اس کا کریڈیت مودی کو مت دیجئے ، امبیڈ کو دیجئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ با با صاحب ، درکنار لوگوں کی آواز تھے ۔ ہندوستانی دستور کے معمار کو کسی ذات کے قائد کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب یہ واضح کرتے ہوئے کہ دلتوں کے لئے تحفظات پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی ان کا حق نہیں چھین سکتا ۔ انہوں نے اپنے مخالفین پر جھوٹی باتیں پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ نئی دہلی میں امبیڈکر میموریل لکچر دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ جب بھی ہم بر سر اقتدار آئے دلتوں کے ریزرویشن کو کچھ نہیں ہوا پھر بھی عوام کو گمراہ کرنے جھوٹی باتیں پھیلائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوٹہ دلتوں اور غیر مراعات یافتہ کا حق ہے ۔ کوئی بھی اسے چھین نہیں سکتا ۔ وزیر اعظم آئندہ ماہ پانچ ریاستوں مغربی بنگال، ٹاملناڈو، آسام، کیرالا اور پڈوچیری اسلیکشن سے قبل تحفظات پر زور دینے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈ کر کو صرف دلتوں کا مسیحا کہنا نا انصافی ہوگی۔ مخالفین پر نشانہ سادھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکست ہضم کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ یہ کانگریس پر طنز تھا ۔ مودی نے کہا کہ بعض لوگ ہمیں پسند نہیں کرتے ۔ وہ ہمارا منہ تک دیکھنا نہیں چاہتے ۔ ہمیں دیکھ کر انہیں بخار آجاتا ہے اور بخار میں دماغ پر کنٹرول نہیں رہتا ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ساٹھ برس کام نہیں کیا، انہوں نے ہمیں یہ کام کرنے کا موقع دیا ہے ۔ ہمیں26علی پور روڈ پر یادگار کی تعمیر جیسے کام پر فخر ہے ۔ مودی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کا وزیر اعظم ، امبیڈکر میموریل لکچر دے رہا ہے جس کا اہتمام چھٹی مرتبہ ہوا ہے۔

No Change in Reservation Policy: PM Modi at Ambedkar Memorial Lecture

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں