بی جے پی قوم پرستی کا فرضی سرٹیفکیٹ نہ دے - یچوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-22

بی جے پی قوم پرستی کا فرضی سرٹیفکیٹ نہ دے - یچوری

نئی دہلی
یو این آئی
مارکسی کمیونسٹ پارٹی( سی پی ایم) نے کہا کہ قوم پرستی کا فرضی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی بجائے اگر بھارتیہ جنتا پارٹی ریاستون میں اچھی حکومت اور عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دے تو زیادہ بہتر ہوگا ۔ سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے یہاں بی جے پی کی دو دن تک جاری رہی مرکزی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں پوری توجہ قوم پرستی پر مرکوز رکھنے پر طنز کرتے ہوئے ٹوئٹر پر کہا کہ قوم پرستی کا فرضی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی بجائے اگر بی جے پی ہریانہ اور پنجاب میں اپنی حکومتوں کوبہتر حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے کہے تو زیادہ بہتر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کسان اور محنت کش طبقے وجود کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ اقلیتی طبقے حملے کا شکار ہورہے ہیں تو دوسری جانب حکومت کے وزیر چاپلوسی میں ملوث ہیں ۔ سیتا رام یچوری نے پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے صحیح ہدایات کے فقدان کے سبب جہاں ملک کی داخلی اور بیرونی سلامتی خطرے میں ہے وہیں نعرہ بازی کرنا ان لوگوں کی ترجیح بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پٹھان کوٹ فضائی ادہ میں کتنے دہشت گرد تھے معلوم نہیں۔ دو ہفتے پہلے پاکستان سے ہندوستانی سرحد میں گھسے دس دہشت گردوں کا کیا ہوا ، نہیں معلوم۔ یہ تو حکومت کا حال ہے ایسے میں قوم پرستی کی باتیں کرنا فرضی معلوم ہوتا ہے ۔ بی جے پی قومی عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر کل منظور کی گئی قرار داد میں اس بات کے لئے آگاہ کیا گیا کہ اظہار کی آزادی کے نام پر ملک کے اتحاد ، سالمیت اور قوم پرستی کے جذبے کو کم تر کرکے دیکھنا قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام اراکین اور کارکنوں کو ایک بار پھر یاد دلایا کہ بی جے پی کا بنیادی اصول اور اس کی اصل طاقت قوم پرستی ہی ہے۔

Nationalism issue: CPM hits back at BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں