امسال 90 لاکھ اقلیتی طلبہ کو اسکالر شپ - ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-13

امسال 90 لاکھ اقلیتی طلبہ کو اسکالر شپ - ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ

نئی دہلی
یو این آئی
اقلیتی امور کی وزارت کی اسکالر شپ اسکیم سے متعلق بے بنیاد باتوں کومسترد کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے86لاکھ کی جگہ اس سال ان کی وزارت تقریبا90لاکھ اقلیتی طلبا کو اسکالر شپ دینے جارہی ہے ۔ یو این آئی سے خصوصی گفتگو میں محترمہ نے بتایا کہ وزارت کی اسکالر شپ اسکیم کو لے کر جو لوگ منفی باتیں پھیلارہے ہیں وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے بہی خواہ نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ حقائق کے خلاف پروپیگنڈہ کرہے ہیں ۔ اگر اسکالر شپ کے بجٹ میں کسی طرح کی کمی کی گئی ہوتی تو اس کی تعداد میں اضافہ کیسے ممکن ہوتا۔ وزیر اقلیتی امور نے مزید بتایا کہ تکنیکی دشواریوں کی وجہ سے اس سال بچوں کو اسکالر شپ ملنے میں دیر ضرور ہوئی ہے لیکن جو دشواریاں حائل تھیں ان کو دور کیا جارہا ہے اور میں یقین دلاتی ہوں کہ تمام اہل طلبہ کو اسکالر شپ ضرور ملے گی۔ ڈاکٹر نجمہ ہبت اللہ نے یہ بھی واضح کیا کہ بجٹ میں شامل اسکالر شپ کے لئے فنڈ31مارچ کے ختم ہوتے ہیlapseنہیں ہوتا ہے بلکہ اسکالر شپ کا نظام اس سے مستثنیٰ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار، سب کا ساتھ، سب کا وکاس ، کے رہنما اصول کے تحت ملک میں اقلیتوں کی ترقی کے لئے پابند عہد ہے ۔ سرکار کی وزارت اقلیتی امور نے اقلیتی فرقوں کی ترقی کے لئے ایک کثیر جہت حکمت عملی اپنائی ہے جس میں تعلیمی اختیار سازی، معاشی اختیار سازی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، خصوصی ضروریات کی تکمیل اور اقلیتی اداروں کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ اس وزارت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں میں اقلیتوں کے غریب اور محروم طبقوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ اقلیتی فرقوں کی ضروریات ، خصوصاً تعلیمی اور معاشی اختیار سازی کی ضروریات کے پیش نظر مرکزی سرکار نے ایک بار پھر وزارت اقلیتی امور کا بجٹ2015-16کے3712.78کروڑ سے بڑھا کر2016-17کے لئے3800کروڑ کردیا ہے ۔ اس طرح2016-17ء کے لئے وزارت کے بجٹ میں تقریبا87کروڑ کا اضافہ ہوا ہے ۔

Minority Affairs Ministry award 90 lakh Scholarships to Students

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں