بہار - وزیر عبدالغفور سے استعفیٰ کے لئے اپوزیشن کا مطالبہ مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-10

بہار - وزیر عبدالغفور سے استعفیٰ کے لئے اپوزیشن کا مطالبہ مسترد

پٹنہ
پی ٹی آئی
ریاستی وزیر عبدالغفور کے سیوان کی جیل میں محروس آر جے ڈی کے قد آور شہاب الدین سے ملاقات پر آج بہار اسمبلی اور کونسل میں ہنگامہ آرائی کے مناظر دیکھنے میں آئے ۔ اپوزیشن بی جے پی نے وزیر موصوف کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ تاہم وزیر اقلیتی امور اور آر جے ڈی رکن اسمبلی عبدالغفور نے بی جے پی کے مطالبہ کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ پارٹی کے ایک سابق رکن پارلیمنٹ سے خیر سگالی ملاقات کوئی جرم نہیں ہے ۔ اگر انہیں موقع ملا تو وہ دوبارہ شہاب الدین سے ملاقات کریں گے ۔ آج جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی کا آغاز ہوا ، بی جے پی اور این ڈی اے کی دیگر حلیف جماعتوں کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ کسی دوسرے کام سے قبل ایوان میں عبدالغفور کے مسئلہ کو اٹھایا جائے ۔ قائد اپوزیشن پریم کمار نے اسپیکر سے یہ مطالبہ کیا کہ انہوں نے وقفہ سوالات کو جاری رکھا جس پر این ڈی اے کے ارکان، ایوان کے وسط میں حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے پہنچ گئے ۔ اس وقت چیف منسٹر نتیش کمار موجود نہیں تھے ۔ پریم کمار نے کہا کہ عبدالغفور کا ایک مجرم سے ملاقات کے لئے جیل جانا، بہار کے امیج کو ایک دھبہ ہے چنانچہ انہیں مستعفیٰ ہوجانا چاہئے ۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو چیف منسٹر کو انہیں برطرف کرنا چاہئے ۔ اسپیکر نے وقفہ سوالات کو شوروغل کے درمیان پانچ منٹ تک جاری رکھا اورلنچ کے وقفہ کے بعد تک کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ لنچ کے وقفہ کے بعد جب دوبارہ اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی تو پریم کمار نے اس مسئلہ پر حکومت سے جواب دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پہلے حکمراں پارٹی کے ارکان اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی کرتے تھے لیکن اب ایک وزیر ایسا کررہا ہے ۔ جب اسپیکر نے ریاستی حکومت سے جواب دینے کے ان کے مطالبہ کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ اس مسئلہ کو اٹھانے کا صحیح وقت نہیں ہے تو پریم کمار اور این ڈی اے کے دیگر ارکان اسمبلی نے واک آؤٹ کردیا ۔ اس مسئلہ کی گونج قانون ساز کونسل میں بھی سنائی دی ۔ صدر ریاستی بی جے پی اور ایم ایل سی منگل پانڈے نے مطالبہ کیا کہ دیگر ایجنڈے کو شروع کرنے سے قبل بی جے پی کی جانب سے تحریک التوا کے ذریعہ اٹھائے گئے مسئلہ پر بحث ہونی چاہئے۔ صدر نشین نے ان سے کہا کہ وہ وقفہ سوالات کے بعد یہ مسئلہ اٹھائیں ۔ وقفہ سوالات کے ختم پر مسٹر پانڈے نے چیف منسٹر نتیش کمار کی موجودگی میں دوبارہ مسئلہ اٹھایا۔ صدر نشین نے تحریک التو کی نوٹس کو مسترد کردیا جس پر بی جے پی ارکان ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے اور نعرے لگانے لگے ۔ شوروغل کے درمیان پانڈے نے عبدالغفور کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور چیف منسٹر سے اس مسئلہ پر اپنی خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا جس پر ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔

Bihar opposition targets minister for meeting Shahbuddin in jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں