جموں و کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے لئے محبوبہ مفتی آمادہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-05

جموں و کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے لئے محبوبہ مفتی آمادہ

جموں
پی ٹی آئی
دو ماہ کے تجسس کے بعد صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے آج یہ کہتے ہوئے اشارہ دیا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ حکومت تشکیل دینے والی ہیں کہ اس پر وہ تنقیدوں سے خوفزدہ نہیں ہیں لیکن چاہتی ہیں کہ مرکز ایسا اشارہ دے کہ وہ ریاست کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کے لئے تیار ہے۔ چند گھنٹے کے بعد انہوں نے گورنر این این ووہرا سے ایک گھنٹے تک بات چیت کی اور ریاست کو در پیش سیاسی امور اور مختلف چیالنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ریاست میں8جنوری سے صد ر راج نافذ ہے ۔ ووہرا سے ملاقات سے قبل انہوں نے اپنے مرحوم والد مفتی سعید کا تذکرہ رکتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کے طور پر بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملایا تھا بلکہ یہ مرکز ی حکومت اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان اتحاد تھاجس کا مقصد ریاست کی عوام کو فائدہ پہنچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد کے فیصلہ کے مطابق عوام کے مقاصد کی تکمیل ہوتی ہے تو وہ خوفزدہ نہیں ہیں کہ آیا عوام بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے پر مجھے مورد الزام ٹھہراتے ہیں یا اسے اچھا یا برا محسوس کرتے ہیں ۔ محبوبہ مفتی نے یہاں پارٹی کی رکنیت سازی مہم شروع کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جب عوام کے فائدہ کی بات ہوتی ہے تو میرے والد پارٹی کی پرواہ نہیں کرتے تھے اور کہا کہ انہوں نے ہر چیز سے بالا تر ہوکر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بی جے پی سے ہاتھ ملایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہٹ دھرم خاتون نہیں ہیں ۔ ان کے پارٹی قائدین حکومت تشکیل دینا چاہتے ہیں لیکن وہ اسی وقت ایسا کریں گی جب انہیں محسوس ہو کہ بڑا مقصد پورا ہوگا ۔ اگر بی جے پی کے ساتھ اتحاد تشکیل دینے کے مقصد کی تکمیل ہوتی ہے تو حکومت تشکیل دینے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ جموں و کشمیر کی صورتحال میرے والد کے انتقال کے بعد معمول کے مطابق نہیں ہے ۔ میرے والد بحیثیت ایک پارٹی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائے تھے یہ اتحاد مرکز ی حکومت اور جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ تھا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگر وہ جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کا اشارہ دیتے ہیں تو اتحاد تشکیل میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتنا بڑا ملک ہے کہ اس کے خزانے خالی نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی وقت مجھے یہ محسوس ہو کہ جموں و کشمیر کی عوام کے لئے ان کے دل میں جگہ ہے ، ہم نے ایک خاکہ تیار کیا ہے اور اگر وہ اس میں رنگ بھرنے کے لئے تیار ہیں تو ریاست کا چیف منسٹر بننے میں، میں پس و پیش نہیں کروں گی ۔ بلکہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہوگی ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگر وعدے مکمل نہیں ہوتے ہیں اور حکومت کی تشکیل کا مقصد پانچ برسوں کے لئے انتخابات کو دور رکھنا ہے تو وہ چیف منسٹر بننے تیار نہیں ہیں ۔87رکنی اسمبلی میں پارٹی کے27ارکان اسمبلی ہیں صدر پی ڈی پی نے کہا کہ اگر مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ محض کھوکھلے وعدوں کے سوا کچھ اور نہیں ہے اور ہمارے ارکان اسمبلی وزیر بن جائیں گے اور ہمیں چار تا پانچ سال تک انتخابات کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا تو میں حکومت تشکیل دینے کے لئے تیار نہیں ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے ساتھ امن کے قیام کی پہل پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کی ۔

Mehbooba Mufti hints at forming J&K govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں