تلنگانہ کے ہر گھر کو ایل ای ڈی بلب کی فراہمی کا نشانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-02

تلنگانہ کے ہر گھر کو ایل ای ڈی بلب کی فراہمی کا نشانہ

حیدرآباد
اعتماد نیوز
تلنگانہ کی25بلدیات کے ہر گھر میں آنے والے 100دنوں میں ایل ای ڈی بلبس کی تنصیب کو یقینی بنایاجائے گا۔ چیف منسٹر کیمپ آفس میں ریاستی وزراء تارک راما راؤ ، جگدیشور ریڈی اور اندرا کرن ریڈی کی موجودگی میں منعقدہ ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ اس اجلاس میں محکمہ بلدی نظم و نسق اور ڈسکام کے عہدہ دار بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں ایل ای ڈی بلبس سربراہ کرنیو الی ای ایس ایس ایل کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر سے تارک راما راؤ نے بات چیت کرتے ہوئے ممکنہ حد تک کم شرحوں میں بلبس سربراہ کرنے کی درخواست کی ۔ وزیربلدی نظم و نسق تارک راما راؤ نے کہا کہ سو دن کے پروگرام کے تحت پچیس بلدیات میں چھ لاکھ مکانوں میں سولہ لاکھ ایل ای ڈی بلبس سربراہ کئے جائیں گے۔باقی بلدیات میں کچھ وقفہ کے بعد یہ بلب سربراہ کیے جائیں گے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایل ای ڈی بلبس کی سربراہ سے متعلق ایک جامع منصوبہ کو قطعیت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب ریاست بھر میں قائم اسٹریٹ لائٹس کو بھی ایل ای ڈی بلب میں تبدیل کیاجائے گا۔ دو مرحلوں میں بلبس سربراہ کئے جائیں گے ، تیسرے مرحلہ میں عوام کو سبسیڈی پر بلبس سربراہ کرنے پر غور کیاجائے گا۔ وزیر برقی جگدیشور ریڈی نے کہا کہ ایل ای ڈی بلب کے استعمال سے بڑے پیمانہ پر توانائی میں بچت کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ برقی کا عملہ بلبس کی تنصیب کی ذمہ داری لے گا۔ عنقریب اضلاع نلگنڈہ ، میدک ، نظام آباد میں ایل ای ڈی بلبس کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ ریاست میں90لاکھ مکانوں میں ایل ای ڈی بلبس سربراہ کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کے ذریعہ حکومت اور عوام کو بھی توانائی کے خرچ میں کمی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے ایل ای ڈی کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے ۔ پروگرام کے تحت ہر مکان میں9بلبس سربراہ کئے جائیں گے جس میں دو بلب مفت دئیے جائیں گے ۔ وزیر برقی نے کہا کہ اس پروگرام کے لئے حکومت جو رقم خرچ کررہی ہے، اس کے فوائد محکمہ برقی کو حاصل ہوں گے ۔

Six lakh homes in Telangana to get 2 LED bulbs each

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں