مرکزی وزیر کٹھیریا نے کوئی قابل اعتراض بات نہیں کہی - وزیر داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-04

مرکزی وزیر کٹھیریا نے کوئی قابل اعتراض بات نہیں کہی - وزیر داخلہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج یہ کہتے ہوئے مرکزی وزیر رام شنکر کٹھیریا کی مدافعت کی کہ انہوںنے کوئی قابل اعتراض بات نہیں کہی ہے ۔ وزیر داخلہ ، وزیر موصوف کی مبینہ نفرت انگیز تقریر کے الزامات کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے غداری کے الزامات پر مقدمہ درج کرنے اور وزارت سے بر طرف کرنے کے مطالبات کومسترد کردیا۔ آگرہ میں کٹھیریا اور چند دیگر بی جے پی اور آر ایس ایس قائدین کی اشتعال انگیز تقاریر پر حکومت کے خلاف دباؤ بڑھانے پر راجناتھ سنگھ نے یہ دفاع کیا ۔ صدر بی ایس پی مایاوتی نے کہا کہ اگر اتر پردیش میں ان کی پارٹی اقتدار میں ہوتی تو ان فرقہ پرست عناصر کو جیل بھیج دیاجاتا ، یہی ان کی اصل جگہ ہے ۔ مایاوتی اور دیگر اپوزیشن ارکان بشمول قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے ان قائدین کے خلاف غداری کے مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ راجناتھ سنگھ نے کاہ کہ وی ایچ پی کے مقتول لیڈر ارون متھرا کی 28فروری کی تعزیتنی میٹنگ کی ویڈیو ریکارڈنگ کا حکومت نے جائزہ لیا ہے ۔ اس میٹنگ میں کٹھیریا اور دوسروں نے حصہ لیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ہمارے عہدیداروں کو یہ سی ڈی دی تھی ۔ انہوں نے مطلع کیا کہ وزیر موصوف نے کوئی قابل اعتراض بات نہیں کہی ہے ۔ انہوں نے نہ تو کوئی قابل اعتراض بات کہی ہے اور نہ ہی کسی فرقہ کے خلاف اہانت آمیز زبان کا استعمال کیا چنانچہ اخباری اطلاعات مسخ شدہ اور غیر درست ہیں ۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ چونکہ کٹھیریا نے کوئی اشتعال انگیز تقریر نہیں کی اس لئے پولیس ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا ۔ راجناتھ سنگھ تحریک توجہ دہانی پر مباحث کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایسے تمام بیانات اور تقاریر کی مخالف ہے جو مذہب، ذات پات اور نسل کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کرتے ہیں ۔ ہماری حکومت دستور اور قانون کی پوری طرح پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد سے کسی کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا چنانچہ اس طرح کے واقعات کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئے ۔ ہمیں ملک کے اتحاد اور سالمیت کے تحفظ کے لئے کام کرنا چاہئے ۔ ہمیں مختلف فرقوں کے درمیان ساز گار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ ختم نہیں ہورہا ہے ۔ چنانچہ یہ الزامات بے کار ہیں۔ میں اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتا کہ کیا صحیح اور کیا غلط ہے ۔ میں یہ کہنا نہیں چاہتا کہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے ایسا کہا گیا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان ، دنیا بھر میں واحد سیکولر ملک ہے اور تمام ارکان کو اسے خوبصورت ملک بنانے کے لئے مل جل کر کام کرنا چاہئے ۔

Katheria hate remarks: Did not speak anything objectionable, says Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں