گجرات میں دہشت گردوں کی مبینہ در اندازی پر ہائی الرٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-07

گجرات میں دہشت گردوں کی مبینہ در اندازی پر ہائی الرٹ

احمد آباد
پی ٹی آئی
گجرات میں دہشت گردوں کی در اندازی سے متعلق انٹلی جنس کی خفیہ اطلاعات کے بعد آج ریاست میں انتہائی چوکسی کا اعلان کردیا گیا جب کہ ضلع کچھ اور دیگر چند مقامات پر مشتبہ دہشت گردوں کی تلاشی کے سلسلہ میں دھاوے کئے گئے ۔ ریاست میں اہم تنصیبات اور حساس علاقوں میں سیکوریٹی بڑھادی گئی جب کہ این ایس جی ٹیموں کو بھی تعینات کردیا گیا ۔ عہدیداروں کے بشمول تما پولیس عملہ کی رخصت منسوخ کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق اس اطلاع کے بعد ملک بھر کے بڑے شہروں میں سخت چوکسی کے احکام جاری کردئے گئے ۔ دہلی، جموں و کشمیر کے علاوہ میٹرو شہروں ممبئی، چینائی، کولکتہ اور بنگلورو میں ہائی الرٹ کردیا گیا ۔ گجرات میں ریلوے اسٹیشنوں اور ایر پورٹس پر چوکسی اختیار کرلی گئی ۔ ہندوؤں کے تہوار مہا شیوراتری کے سبب ریاست کے تمام بڑے منادر پر سیکوریٹی بڑھادی گئی جب کہ سومناتھ مندر پر این ایس جی ٹیم تعینات کی گئی ۔ پاکستان سے ریاست کے مغربی حصہ میں دس عسکریت پسندوں کے مبینہ داخلہ کی انٹلی جنس نے اطلاع دی ہے اور دعویٰ کیا کہ وہ اہم نشانوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی رکھتے ہیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق انٹلی جنس نے شبہ ظاہر کیا کہ عسکریت پسند سمندر کے راستہ سے گجرات میں داخل ہوئے ۔ بی ایس ایف کی ایک طلایہ گردی پارٹی نے جمعہ کو ایک پاکستانی ماہی گیر کشتی ضبط کی جب اس کے سوا کچھ ساحل سے پرے کوٹیشور کریک علاقہ میں سیکوریٹی فورسس کو دیکھنے کے بعد فرار ہوگئے ۔ گجرات کے مملکتی وزیر داخلہ رجنی پٹیل نے کہا کہ ریاستی حکومت کو مرکزی حکومت سے ایک سنگین اطلاع موصول ہوئی کہ دہشت گرد گجرات میں داخل ہوگئے ہیں ۔ ہم نے ایک اجلاس میں صورتحال اور اقدامات پر غور کیا ۔ کسی حادثہ تدارک کے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ فضائیہ اور فوج کے تمام اڈوں پر سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے ہر ممکنہ مدد کی پیش کش کی۔200افرا دپر مشتل این ایس جی کی دو ٹیمیں دہلی سے بھیجی گئی ہیں ۔ ساحل پر بھی حکام کو چوکنا کردیا گیا اور کچ کے قریب سرحدی پولیس ضروری اقدامات کررہی ہے ۔ مقامی پولیس سے کہا گیا ہے کہ بی ایس ایف سے تعاون کرے ۔ پٹیل نے کہا کہ ابھی تک کوئی مشتبہ شخص نہیں ملا لیکن جو اطلاع ملی وہ نہایت سنگین ہے ۔ ہم تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ ریاستی ڈی جی پی ٹھاکر نے کل رات چوکسی کے احکام جاری کرتے ہوئے تمام پولیس عملہ کی رخصت منسو خ کرنے کا اعلان کیا ۔ ایک اطلاع کے مطابق پاکستان نے در اندازی سے ہندوستانی حکام کو خبر دار کیا ۔ اس بارے میں پوچھنے پر ریاستی ڈی جی پی(آئی بی اور سی آئی ڈی) پرمود کمار نے کہا کہ ریاستی انٹلی جنس بیورو کو یہ اطلاع مرکزی انٹلی جنس بیورو سے ملی۔ پاکستان سے اطلاع ملنے کے بارے میں ہم کچھ نہیں جانتے۔ ذرائع کے مطابق آئی بی کو خفیہ اطلاع ملی کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کے تقریبا دس عسکریت پسند ہندوستان میں گھسنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ گجرات پولیس نے اندیشہ ظاہر کیا کہ کہ ہوسکتا ہے کہ ان میں سے بعض انتہا پسند گجرات سے دہلی میں داخل ہوگئے ہیں ۔ گاندھی نگر میں کل شام سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لینے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فوج، بحریہ، کوسٹ گارڈ، ایر فورس، بی ایس ایف اور گجرات پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ساحلی اضلاع کے ایس پیز کو بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اجلاس سے جوڑ دیا گیا۔

Gujarat on high alert after intelligence input on infiltration of terrorists

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں