اظہار خیال کی آزادی ملک کی تباہی کا حق نہیں دیتی - ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-21

اظہار خیال کی آزادی ملک کی تباہی کا حق نہیں دیتی - ارون جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وطن پرستی پر جب بحث سامنے آرہی ہے، اسی دوران بی جے پی کا کہنا ہے کہ اظہار خیال کی آزادی ملک کی تباہی چاہنے کا حق نہیں دیتی۔ اس کے قومی اعلیٰ سطحی اجلاس کی سیاسی قرار داد میں اس مسئلہ کو فخریہ جگہ حاصل ہوئی ہے ۔ دو روزہ اجلاس کے دوران ہوئے تبادلہ خیال میں قوم پرستی کے مسئلہ پر توجہ مرکوز رہی۔ کل اپنے افتتاحی خطاب میں پارٹی صدر امیت شاہ نے کہا تھا کہ بی جے پی ملک پر کسی بھی قسم کے حملہ کو برداشت نہیں کرے گی۔ میٹنگ کے بارے میں اخباری نمائندوں کو مختصر رودار پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کہا اظہار خیال کی آزادی اور وطن پرستی ساتھ قائم رہنے کے لئے ضروری ہے اور دستور غیر متفق ہونے اور ناراضگی کے اظہار کی مکمل آزادی دیتا ہے لیکن یہ ملک کی تباہی کے لئے نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا وطن پرستی کا تخیل ہمارے ععقائد اور فلسفہ کی رہنمائی کرتا ہے ۔ اس میٹنگ میں پارٹی کے قائدین کو غلبہ آور موڈ میں دیکھا گیا ، جس کے ذریعہ حالیہ جے این یو سے متعلق تبدیلی پر کانگریس کو چٹائی پر بٹھانے کی جھلک دیکھی جاسکتی ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا اس میٹنگ میں بھارت ماتا کی جئے نعرہ پر بھی بحث ہوئی ہے ، جیٹلی نے کہا پارٹی کا ایقان ہے کہ یہ ایسا مسئلہ ہے جس پر کوئی بحث نہیں ہونی چاہئے ۔ عوام کو اس نعرہ پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور ہم نے اسے کل کولکتہ میں دیکھا ہے ۔ کل کولکتہ میں کرکٹ میچ کے دوران ہندوستان کی پاکستان پر فتح کے بعد تماشائیوں کی جانب سے لگائے گئے اس نعرہ کا بظاہرحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے یہ بات بتائی ۔ اتر کھنڈ میں جہاں کانگریس حکومت کو اپنے رینکس میں بغاوت کا سامنا ہے وہاں پر اور جموں و کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے مسائل اگرچہ کہ میٹنگ میں زیر بحث نہیں آئے ، تاہم جیٹلی نے کہا کہ منظورہ قرار داد جموں و کشمیر میں حکمرانی کے ایجنڈہ کے لئے پارٹی کے وعدہ کی اہمیت کو بتاتی ہے ۔ جموں و کشمیر میں مخلوط حکومت کے احیاء کے لئے بی جے پی اور پی ڈی پی کے درمیان بات چیت ناکام رہی ہے ، لیکن زعفرانی پارٹی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی سابقہ شریک پارٹی کے لئے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔ تاہم مزید شرائط کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے حکومت کے قیام عمل کو روکا گیا ہے ۔ جیٹلی نے کہا ایک ایسا وقت تھا جب ملک پر جہت کی کوئی سمجھ کے بغیر حکمرانی کی جارہی تھی۔ ایک غیر یقینی کیفیت اور مقصد کا فقدان تھا ۔ اب ہم ایک پرعزم قیادت ، قومی پالیسیوں اور ترقی پذیر حکمرانی کے ساتھ ایک حکومت رکھتے ہیں۔ قرار داد میں حکومت کی معاشی اور سماجی شمولیاتی پالیسیوں، اچھی حکمرانی اور انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے اس کی کوششو ں کا احاطہ کیا گیا ہے ۔
نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم پرستی کو بی جے پی کی اہم قوت قراد یتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی اور حکومت کے ترقی کے ایجنڈہ پر توجہ مرکوز کریں ۔ پارٹی کی قومی عاملہ کا دوروزہ اجلاس کے آخری دن اختتامی خطاب کرتے ہوئے مودی نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ انہیں پراگندگی کا شکار نہیں ہونا چاہئے ۔ کیونکہ اپوزیشن پارٹیاں غیر اہم مسائل اٹھاتے ہوئے توجہ ہٹانے کی کوشش کریں گے۔ مودی کے خطاب سے میڈیا کو واقف کراتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نے آج پارٹی کارکنوں سے کہا کہ حکومت کا واحد منتر اور توجہ ترقی ترقی ، اور ترقی ہے اور ہمیں اسی رخ پر آگے بڑھنا چاہئے ۔ مودی نے کہا کہ حکومت پارٹی ترقی کے راستہ پر مل جل کر آگے بڑھ رہی ہے ۔ پارٹی کی ترقی ترقی پسندانہ پالیسیاں ہیں اور قوم پرست ذہنیت ہے ۔ ہم سیاسی اختلافات کو قبول کرسکتے ہیں لیکن مخالف قوم پرستی کو قبول نہیں کرسکتے ۔ وزیر اعظم نے سما ج کے تمام طبقات تک رسائی حاصل کرلی اور مسائل کو حل کرنے کے ضمن میں تعمیری طرز عمل اختیار کرنے کا پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا ۔ مودی نے پارٹی کے تنظیمی پھیلاؤ کی ستائش کی جس انداز میں وہ ملک بھر میں وسعت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ صاف ستھرا ہندوستان مشن، بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ جیسے حکومت کے پروگرامس کو آگے بڑھائیں ۔ عوام کو اس سے واقف کروائیں۔ حکومت نے31مارچ2017تک تمام مواضعات کو برقی فراہم کرنے کا ایک نشانہ مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ بائیس ماہ کے دوران بی جے پی حکومت کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا ۔ یہ خود ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔

Freedom of expression gives no right to destroy nation, Union Minister Arun Jaitley

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں