ضلع میدک تلنگانہ کے دو مواضعات میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-05

ضلع میدک تلنگانہ کے دو مواضعات میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر مکمل

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ضلع میدک کے اراویلی اور نرسنا پیٹ مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے قلیل مدت میں تعمیر کردہ ڈبل بیڈ روم مکانات کامعائنہ کیا ۔ چندر شیکھر راؤ نے اپنے آبائی مقام اراویلی کو ترقی کے لئے اپنالیا ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ دو مواضعات اراویلی اور نرسنا پیٹ کو ترقی کے لئے ایک مثال نہ صرف تلنگانہ کے لئے بلکہ سارے ہندوستان کے لئے ہے سال میں تین فصلیں اگانے کی تاریخ ان ہی مواضعات سے شروع ہوگی ۔ ان دونوں مواضعات کے عوام خود مکتفی ہوجائیں گے ۔ کیونکہ عوام کو کام حاصل ہوگا اور چھوٹے کسان بڑے پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کرسکیں گے ۔ ریاست کے عوام یہاں پہنچ کر ترقی کی راہ دیکھیں گے ۔ مئی2015ء تک دونوں مواضعات میں تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا اور آئندہ ماہ کے آخر میں ایک بڑی تقریب میں اس کا افتتاح کیاجائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں ان دو مواضعات کے لئے گھر گھر پینے کا پانی سربراہ کیاجائے گا۔ پائپ لائن کو بچھانے کا کام دو ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا ۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹر ڈی رونالڈ روز اور لوک سبھا کے رکن کے پربھاکر ریڈی کے ساتھ ایراویلی میں دو بیڈ روم مکانات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مقامی افراد سے بات چیت بھی کی ۔ ایک ٹینک تعمیر کرکے چوبیس گھنٹے پانی سربراہ کرنے کا تیقن بھی دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم یہاں ایک تجربہ کررہے ہیں ۔ اگر یہ کامیاب ہوتا ہے تو ہر کوئی اس پر عمل کرے گا۔ انہوں نے دیہاتیوں سے اپیل کی کہ وہ اسے بڑے پیمانے پر کامیاب کریں ۔ کے سی آر نے کہا کہ7مارچ کو وہ ممبئی جارہے ہیں تاکہ گوداوری کے پانی کی تقسیم کے سلسلہ میں مہاراشٹرا حکومت سے معاہدہ کیاجائے ۔ معاہدہ کے بعد آئندہ پندرہ دنوں میں ٹنڈرس طلب کرلئے جائیں گے ۔ ڈریپ اریگیشن کے تعلق سے چیف منسٹر نے کہا کہ دونوں مواضعات کی 2,800ایکر زرعی اراضی کے لئے پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ صبح پانچ بجے سے گیارہ بجے تک زرعی غرض کے لئے پانی سربراہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کئی منصوبے زیر غور ہیں اور دیہی عوام کو چاہئے کہ وہ ترقی کا ایک حصہ بنیں ۔

Erravelli to be first Telangana village to get 2BHK houses

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں