وزیر اعظم کی خاموشی کے باعث کچھ لوگ بے لگام - صدر جمعیۃ علماء مولانا ارشد مدنی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-10

وزیر اعظم کی خاموشی کے باعث کچھ لوگ بے لگام - صدر جمعیۃ علماء مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
جمعیۃ العلماء ہند نے آج این ڈی اے حکومت پر اقلیتوں ، دلتون اور تعلیمی اداروں پر حملے کرنے کا الزام عائد کیا اور اقلیتی طبقہ کے خلاف مبینہ طور پر بی جے پی کے چند ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے منافرت پھیلائے جانے کے باوجود خاموشی اختیار کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی ۔ موجودہ صورتحال ایسی ہے کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ مٹھی بھر عناصر جن میں چند ارکان پارلیمنٹ ہیں، ملک میں خود کو بالا تر سمجھے ہوئے ہیں اور جو کچھ ان کے ذہن میں آرہا ہے بکے جارہے ہیں ۔ صدر جمعیۃ العلماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ حکومت کی خاموشی کے باعث یہ عناصر کسی کے خلاف بھی آگ اگلنے میں کامیاب ہورہے ہیں ۔ وزیر اعظم کو ایسے لوگوں سے سختی سے نمٹنا چاہئے لیکن وہ ایسا نہیں کررہے ہیں ۔ نریندر مودی کے17مارچ کو عالمی صوفی فورم میں شرکت کی اطلاعات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ایک طبقہ کو قریب اور دوسرے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے اور کہا کہ اس طرح کے اقدام سے ملک کا فائدہ نہیں ہوگا ۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے پیدا کردہ موجودہ حالات میں جمعیۃ العلماء ہند12مارچ کو ہونے والی ایک روزہ کانفرنس میں وزیر اعظم کو مدعو نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل کی صورتحال مختلف تھی اور مسلمان اپنے مسائل پر کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت سے آنکھ میں آنکھ ملا کر بات کرسکتے تھے لیکن موجودہ صورتحال ، جدو جہد آزادی کی صورتحال سے زیادہ ابتر ہے ۔ مولانا نے ملک میں یونیورسٹیوں کی مبینہ طور پر زعفرانی رنگ دینے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ دلتوں اور عیسائیوں کو بھی نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو اقلیتی موقف دینے کے تنازعہ پر انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ یونیورسٹی بے شک ایک اقلیتی ادارہ ہے ۔

Divisive forces active… but PM Modi silent: Jamiat Ulema-e-Hind President Maulana Arshad Madani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں