مرکزی حکومت ہٹلر کے فاشسٹ ماڈل کے مماثل - سیتا رام یچوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-07

مرکزی حکومت ہٹلر کے فاشسٹ ماڈل کے مماثل - سیتا رام یچوری

ممبئی
پی ٹی آئی
سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے آج کہا کہ مرکز کی موجودہ حکومت کا اگر موازنہ کیاجائے تو یہ ہٹلر کے فاشسٹ ماڈل کے مماثل ہے ۔ انہوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر اپنے ہندو راشٹر کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے قوم پرستی پر مباحث چھیڑنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں کوبتایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے جارحانہ قوم پرستی پر بحث چھیڑ دی ہے تاکہ وہ قوم پر اپنے ایجنڈہ کو مسلط کرسکیں ۔ وہ جمہوری اور سیکولر ملک کو ایک ہندو راشٹر میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں ۔ بائیں بازو کے سینئر قائد نے الزام عائد کیا کہ عوام کے قوم پرستانہ احساسات کا بیجا استعمال کیاجارہا ہے ۔ اگر تاریخ کے ساتھ موجودہ حکومت کا موازنہ کیاجائے تو یہ اڈلف ہٹلر کے فاشسٹ ماڈل کے مماثل ہوگا۔ یچوری نے کہا کہ قوم پرستی کی بحث ایک خاص مقصد سے چھیری گئی ہے کیونکہ حکومت عوام کی زبردست توقعات کو پورا کرنے سے قاصر ہے اس کے علاوہ عوام مالیاتی مسائل میں الجھے ہوئے ہیں اس کے بارے میں حکومت کچھ نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنے سرکاری شعبہ کے بینکوں کو خانگی بینکوں کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محتاط اعداد و شمار کے مطابق قرضوں کی عدم ادائیگی کے باعث سرکاری بینک تقریبا چھ لاکھ کروڑ روپے سے محروم ہوگئے ہیں ۔ مودی کی حکمرانی کے دو سالوں میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات میں 26فیصد اضافہ ہوا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ آئی ہے لیکن صارفین کو اس کا فائدہ نہیں پہونچا ۔ عوام میں بے چینی ہے حکومت کو خوف ہے کہ کہیں یہ تمام مسائل ایجی ٹیشن میں نہ تبدیل ہوجائیں چنانچہ قوم پرستی کی بحث چھیڑی گئی ہے۔

BJP-led Centre's regime similar to Hitler's fascist model: Yechury

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں