بھارت ماتا کی جئے تنازعہ - اسد اویسی بیان پر زعفرانی تنظیموں کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-15

بھارت ماتا کی جئے تنازعہ - اسد اویسی بیان پر زعفرانی تنظیموں کی تنقید

ممبئی، نئی دہلی
پی ٹی آئی
مجلس اتحادالمسلمین کے لیڈر اسد الدین اویسی نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے مشورے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے گلے پر چھری رکھ دی جائے تب بھی وہ بھارت ماتا کی جئے نہیں کہیں گے ۔ اسد الدین اویسی نے یہ تبصرہ ایک ایسے وقت کیا جب چند دن پہلے ہی بھاگوت نے کہا تھا کہ نئی نسل کو بھارت ماتا کی جئے کے نعرے سکھانے چاہئے ۔ اسد اویسی کے اس بیان پر بی جے پی اور آر ایس ایس نے شدید تنقید کی ہے جب کہ مجلسی لیڈرایک جلسہ عام میں دئیے گئے اپنے بیان پر قائم ہیں۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے کل اودگیر مہاراشٹرا میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں یہ نعرہ نہیں لگاتا ۔ آپ کیا کرلیں گے بھاگوت صاحب ۔ اگر آپ میرے گلے پر چھری رکھ دیں تب بھی میں یہ نعرہ نہیں لگاؤں گا ۔ دستور میں ایسا کہیں بھی نہیں لکھا ہے کہ کسی کو بھارت ماتا کی جئے کہنا ضروری ہے ۔ صحافیوں کی جانب سے ان کے بیان پر مذمتی تبصروں کے بارے میں پوچھے جانے پر اسد اویسی نے کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں اور انہوں نے دستور یا قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھاگوت اور دوسروں پر اپنے نظریات تھوپ نہیں سکتے ۔ آر ایس ایس کی نظریہ ساز اور رائٹر رتن شاردا نے اسد اویسی پر قومی جذبات پر سیاست کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی لیڈر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے اسد اویسی پر قوم پرستانہ جذبات کو مشتعل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا اور کہا کہ ان کا بیان انتہائی قابل مذمت ہے ۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے کہا کہ اسد الدین اویسی نے جس طرح کا بیان دیا ہے اسے بیانوں سے گریز کرنا چاہئے۔اس دوران شیو سینا نے مجلسی لیڈر کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ نہیں لگاسکتے تو انہیں پاکستان چلے جانا چاہئے ۔ اس دوران سابق وزیر قانون اور کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے کہا کہ بھارت ماتا کی جئے کا نعرہ لگانا فرد کے انتخاب کا معاملہ ہے ۔ سلمان خورشید نے دہلی میں یونیورسٹیوں میں اظہار خیال کی آزادی کے موضوع پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترانہ گانا اور اپنے پرچم کو لہرانا، وندے ماترم کہنا فخر کی بات ہے لیکن بعض لوگ ایسا کرنا نہیں چاہتے ان کی پسند ہے ۔

Asaduddin Owaisi Main Target Behind Bharat Mata Ki Jai Row

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں