الہ آباد یونیورسٹی طلبہ یونین کی خاتون صدر کو ہراسانی - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-09

الہ آباد یونیورسٹی طلبہ یونین کی خاتون صدر کو ہراسانی - مایاوتی

نئی دہلی
یو این آئی
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر و رکن پارلیمان (راجیہ سبھا) مایاوتی نے الہ آباد یونیورسٹی کی طلبہ یونین کی پہلی خاتون صدر رچا سنگھ کو مختلف طرح سے ظلم و زیادتی کا شکار بنانے اور ڈرانے دھمکانے وغیرہ معاملات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی روک تھام میں یونیورسٹی انتظامی کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کی سماج وادی پارٹی حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ محترمہ مایاوتی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ الہ آباد یونیورسٹی انتظامیہ و ریاست کی ایس پی حکومت نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طالب علم روہت ویمولا کے افسوسناک واقعہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا نہیں تو رچا سنگھ کے ساتھ جو غلط غلم و زیادتی ہورہی ہے وہ کبھی نہیں ہوتی ۔ محترمہ مایاوتی نے کہاکہ رچا سنگھ ملک کی آزادی کے بعد الہ آباد یونیورسٹی کی پہلی خاتون صدر ہیں اور ان کا جرم صرف اتنا ہے کہ انہوں نے گورکھپور سے بی جے پی کے رکن پارلیمان یوگی آدتیہ ناتھ ، جو اپنی اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ تقریر کے ذریعہ ماحول خراب کرنے کے لئے زیادہ جانے جاتے ہیں ، کو یونیورسٹی کیمپس میں مدعو کرنے کی مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رچا سنگھ کے پی ایچ ڈی کے داخلے میں گڑ بڑ ی ہوئی تھی لیکن یہ سوال آج اچانک دو برسوں بعد کیوں اٹھایاجارہا ہے اور اگراس کے داخلہ میں کوئی گڑ بڑ ہوئی ہے تو اس کے لئے پہلے یونیورسٹی کے ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے جنہوں نے اسے داخلہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سنٹرل یونیورسٹی ہونے کے ناطے یہ مرکزی حکومت کی انسانی وسائل وزارت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایک خاتون پر ہونے والے مختلف طرح سے ظلم کی روک تھام کے لئے مکمل اور سخت اقدام کرے ورنہ اے بی وی پی کے لوگ نہ جانے کتنے لڑکے لڑکیوں کی جان سے کھلواڑ کرکے ملک کو نقصان پہنچائیں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاستی ایس پی حکومت کو بھی رچا سنگھ کی سیکوریٹی یقینی بنانی چاہئے۔

Akhilesh Government Failed to Check Harassment at Allahabad University: Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں