جے این یو طلبا اور گیلانی کی گرفتاری پر کشمیر میں ہڑتال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-28

جے این یو طلبا اور گیلانی کی گرفتاری پر کشمیر میں ہڑتال

سری نگر
یو این آئی
جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طالب علموں کی گرفتاری، کشمیری طلبا کے خلاف نئی دہلی پولیس کے مبینہ کریک ڈاؤن اور دہلی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ایس اے گیلانی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کرانے کے خلاف وادی کشمیر میں ہفتہ کو سید علی گیلانی اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ( جے کے ایل ایف) کے چیر مین محمد یاسین ملک اور دیگر کچھ علیحدگی پسند جماعتوں کی اپیل پر مکمل ہڑتال رہی جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ ہڑتال کے دوران احتجاجی مظاہرین کی جانب سے ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے کے خدشے کے پیش نظر وادی میں ریل سرویس دن بھر معطل رہی ۔ سری نگر کے سیول لائنز کے حساس ترین علاقہ مائسمہ جہاں جے کے ایل ایف کا ہیڈ کوارٹر اور اس کے چیرمین کی رہائش گاہ واقع ہے ، کی طرف جانے والی تمام سڑکوں بشمول بڈشاہ چوک اور حاجی مسجد سڑک کو خار دار تارسے سیل کردیا گیا تھا ۔ سیکوریٹی فورسز ہفتہ کی صبح سے ہی کسی بھی شہری کو مائسمہ علاقہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے تھے ۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جب کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی معطل رہی ۔تاہم سری نگر کے سیول لائنز اور بالائی شہر میں اکا دکا مسافر و نجی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں۔ ہڑتال کی وجہ سے سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا جب کہ بیشتر ٹیوشن اور کوچنک سنٹروں نے ہڑتال کے پیش نظر آج تعطیل کا اعلان کررکھا تھا۔ کشمیر یونیورسٹی نے آج لئے جانے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے تھے ۔ اننت ناگ سے موصولہ ایک اطلاع کے مطابق اس اور جنوبی کشمیر کے دیگر قصبہ جات میں ہڑتال کی وجہ سے کاروباری اور دیگر سر گرمیاں ٹھپ رہیں ۔ جنوبی کشمیر کے قصبوں میں ٹریفک کی آمد و فت بند رہی جب کہ سرکاری و دیگر دفاتر میں معمول کا کام کاج متاثر رہا۔ تاہم جنوبی کشمیر سے گزرنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آواجاہی معمول کے مطابق جاری رہی تھی اور پتھراؤ کے واقعات کے خدشہ کے پیش نظر اس شاہرہ کے حساس مقامات پر سیکوریٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے عہدیداروں کی اضافی نفری تعینات کردی گئی تھی۔ بارہمولہ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے اس اور دیگر قصبوں و تحصیل ہیڈ کوارٹر وں میں بھی مکمل ہڑتال رہی ۔ رپورٹ کے مطابق دکانیں اور تجاری مراکز بند رہے جب کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی ۔ بارہمولہ میں اولڈ ٹاؤن کو سیول لائنز کے ساتھ جوڑنے والے پلوں پر سیکوریٹی فورسزاور ریاستی پولیس کے عہدیداروں کی اضافی نفری تعینات رہی۔ وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندر بل اضلاع سے بھی مکمل ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں