سرکاری تقررات کے امتحانات میں عصری ٹکنالوجی کا استعمال - تلنگانہ پبلک سروس کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-24

سرکاری تقررات کے امتحانات میں عصری ٹکنالوجی کا استعمال - تلنگانہ پبلک سروس کمیشن

نئی دہلی
اعتماز نیوز
پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ کئے جانے والے تقررات میں شفافیت کی برقراری اور با صلاحیت امید واروں کو منتخب کرنے انٹر ویو کے طریقہ کار پر دو روزہ کانفرنس کا یہاں آغاز ہوا ہے۔ یونین پبلک سرویس کمیشن اور ملک کے تمام ریاستوں کے پبلک سرویس کمیشنوں کے صدورنشین و ارکان اس کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں ۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے رکن ڈاکٹر متین الدین قادری کی قیادت میں ایک پانچ رکنی وفد جن میں مسرز سی وٹھل، ای راجندر، پروفیسر سائیلواور جی ویو یک شامل ہیں ۔ اس کانفرنس میں شرکت کررہا ہے ۔ آندھرا پردیش پبلک سرویش کمیشن کی جانب سے ارکان ڈاکٹر محمد علی رفعت ، سیتا راملو شرکت کررہے ہیں ۔ ملک کے پبلک سرویس کمیشنوں کی اسٹانڈنگ کمیٹی کے صدر نشین وہماچل پردیش پبلک سرویس کمیشن کے صدر نشین سی ایس تومر نے ابتدائی خطبہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کے بارے میں عام طور پر جو تاثر پایاجاتا ہے اس کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ ونگ کمانڈرراجیش رگھوونت نے سیول و ملٹری خدمات میں تقررات کے عمل کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے رکن ڈاکٹر متین الدین قادری نے کمیشن کی جانب سے منعقد کئے جانے والے امتحانات میں عصری ٹکنالوجی کے استعمال کی وکالت کی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ملک کی تمام ریاستوں کے پبلک سرویس کمیشنوں کے مقابلہ میں بالکل نیا ہے ۔ تاہم کمیشن نے تحریری امتحانات میں عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعے سارے ملک میں ایک منفرد پہچان بنائی ہے ۔ تلنگانہ کمیشن چند ایک تقررات کے بھی انہوں نے حوالے دیے ہیں ۔ کانفرنس میں تقررات کے عمل میں اصلاحات سے متعلق مباحث بھی ہوں گے اور ایک لائحہ عمل تیار کیاجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں