ممبئی حملے - ہندوستان کی مدد کرنے امریکی عزم کا اعادہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-10

ممبئی حملے - ہندوستان کی مدد کرنے امریکی عزم کا اعادہ

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ2008ممبئی دہشت گرد حملوں کے خاطیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے ہندوستان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے ۔ ایک سرکردہ عہدیدار نے اس وقت یہ بات کہی جب لشکر طیبہ کے دہشت گرد ڈیوڈ ہیڈلی نے ایک عدالت میں کہا کہ پاکستانی دہشت گردوں نے ممبئی میں یہ کارروائی انجام دی ۔ امریکہ نے پاکستان نژاد امریکی شہری کی ممبئی کی عدالت میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ گواہی کے بعد ممبئی حملہ کے ماسٹر مائنڈ کو سزا دلانے میں ہندوستان کی مدد کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کل میڈیا سے کہا کہ امریکہ کے محکمہ انصاف نے ہیڈلی کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ گواہی دلانے میں ہندوستان کی مدد کی، امریکہ اس معاملہ میں اپنی جانب سے ہندوستان کی مدد کرے گا ۔ تاکہ ممبئی حملہ کے گناہگاروں کو سزا دلائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے قانون کے دائرہ میں ہندوستان کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے ،امریکہ کے ہندوستان کے ساتھ کئی شعبوں میں مضبوط تعلقات ہیں جن میں قوانین نافذ کرنے کا شعبہ بھی شامل ہے ، امریکہ ہندوستان کے ساتھ اپنا تعاون بڑھانے کے حق میں ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ممبئی کی گواہی کے بعد ہیڈلی کی شکاگو جیل سے جہاں وہ36برس جیل کی سزا کاٹ رہا ہے ، آزاد کردیاجائے گا؟ ترجمان نے کہا کہ محکمہ انصاف ہی اس پر کوئی رد عمل ظاہر کرسکتا ہے۔55سالہ ہیڈلی نے اپنے بیان میں لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید ، لشکر کے ایک اور کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کے علاوہ ساجد میر کے بھی اس معاملہ میں ملوث ہونے کی بات کہی ۔ ہیڈلی نے خصوصی استغاثہ اجول نکم کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ اس نے حافظ سعید کی تقاریر سے متاثر ہوکر لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی۔

US reiterates commitment to help India bring Mumbai attack masterminds to justice

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں