راہول کجریوال یچوری اور دوسروں کے خلاف حیدرآباد میں غداری کا مقدمہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-29

راہول کجریوال یچوری اور دوسروں کے خلاف حیدرآباد میں غداری کا مقدمہ

حیدرآباد
پی ٹی آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ، دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال ، سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری ان9افراد میں شامل ہیں جن کے خلاف جے این یو تنازعہ کے سلسلہ میں غداری کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی ۔ راہول گاندھی، کجریوال، یچوری کانگریس قائد آنند شرما، اجئے ماکن، سی پی آئی لیڈر ڈی راجا ، جنتادل یو کے ترجمان کے سی تیاگی، جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین کے صدر کنہیا کمار اور جے این یو کے ریسرچ اسکالر عمر خالد کے خلاف ایک عدالت کے حکم پر ایف آئی آر درج کی گئی ۔ عدالت کے ایک وکیل جناردھن گوڑ کی شکایت کی بنیاد پر یہ حکم جاری کیا ہے۔ ڈی سی پی ایل بی نگر تفسیر اقبال نے کہا کہ یہ جے این یو سے متعلق عدالت کی طرف سے رجوع کردہ کیس ہے۔ عدالت کی ہدایت کی بنیاد پر کل9افراد بشمول راہول گاندھی، کجریوال،سیتا رام یچوری ، کنہیا کمار اور دوسروں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ124Aکے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کو دہلی کے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔ ہم قانونی رائے حاصل کررہے ہیں ۔ کہ یہ معاملہ کن حدود میں آتا ہے ۔ عدالت نے اس معاملہ کی سماعت4مارچ کو مقرر کی ہے۔ گوڑ نے اپنی درخواست میں کہا کہ راہول اور دوسرے قائدین نے یہ جانتے ہوئے کہ جے این یو کا دورہ کیا کہ دہلی پولیس نے کنہیا کمار کے خلاف غداری کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے اور انہوں نے جانتے بوجھتے ان لوگوں کی تائید کی جو غداری کے مترادف ہیں ۔ گوڑ نے جمعرات کو میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں شکایت درج کی تھی اور پولیس کو یہ ہدایت دینے کی خواہش کی تھی کہ کنہیا کمار اور خالد کے خلاف قوم دشمن نعرے لگانے اور افضل گرو کے حق میں نعرے لگانے کے سلسلہ میں ایک کیس درج کیاجائے ۔ گوڑ نے اپنی درخوااست میں کہا کہ انہیں ہر اس شخص سے سوال کرنے کا حق حاصل ہے جو قوم دشمن سر گرمیوں میں ملوث ہوتا ہے اور جو فوجداری الزامات کا سامنا کرنے والوں سے یکجہتی کے اظہار کے نام پر قوم دشمنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ دہلی میں کانگریس نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی اور حلیف جماعتوں پر ایسی ہر آواز کو دبانے کا الزام لگایا جو ظالمانہ مخالف دلت اور مخالف غریب اٹھتی ہے ۔ پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ روہت ویمولا سے لے کر راہول گاندھی تک جس شخص نے سوچھ کو دبانے کے خلاف خیالات ظاہر کئے ہیں مودی حکومت میں اسے قوم دشمن قرار دیا ہے ۔ جنتادل یو کے لیڈر کے سی تیاگی نے کہا کہ غداری کے الزام سے انہیں ایمرجنسی سے پہلے کے دنوں کی یاد آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر اس مسئلہ پر لڑیں گے۔

Rahul Gandhi, Arvind Kejriwal, Yechury booked for sedition in hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں