F-16 طیاروں کی معاملت - ہندوستان کے ردعمل پر پاکستان کو مایوسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-15

F-16 طیاروں کی معاملت - ہندوستان کے ردعمل پر پاکستان کو مایوسی

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان نے آج کہا کہ پاکستان کو F-16 لڑاکا طیارے فروخت کرنے امریکہ کے فیصلہ پر ہندوستان کے رد عمل سے اسے مایوسی ہوئی ہے اور کہا کہ ہندوستان دفاعی آلات کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک ہے اور اس کے اسلحہ کا ذخیرہ بھی زیادہ بڑا ہے ۔ پاکستان نے اوبامہ انتظامیہ کے اس استدلال کا اعادہ کیا کہ اسلحہ کی حصولیابی سے دہشت گردی سے مقابلہ کرنے کی پاکستان کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا ۔ دفتر خارجہ نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ایک بیان میں کہاہندوستانی حکومت کے رد عمل پر ہمیں حیرت اور مایوسی ہوئی ہے ۔ ہندوستان کا فوجی اور اسلحہ کا ذخیرہ وسیع تر ہے اور وہ دفاعی آلات کے سب سے بڑے درآمد کنندہ ہیں ۔ بیان میں مزید کہا گیا جہاں تک F-16 معاملت کا تعلق ہے پاکستان اور امریکہ انسداد دہشت گردی کے لئے قریبی تعاون کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ امریکی ترجمان نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ اس سودیے سے نشانہ بناکر حملہ کرنے کی پاکستان کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا ۔ خیال رہے کہ ہندوستان نے پاکستان کو F-16 جنگی طیارے فروخت کرنے کے امریکہ کے فیصلے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹ کیا کہ ہم پاکستان کو F-16 طیارے فروخت کیے جانے کے سلسلے میں اوباما انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے سے مایوس ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، امریکہ کے اس خیال سے اتفاق نہیں رکھتا ہے کہ ان طیاروں کی فروخت سے انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی ۔ ہندوستان نے دہلی میں تعینات امریکی سفیر کو بلاکر پاکستان کو F-16 جنگی طیارے فروخت کرنے کے امریکی فیصلہ کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی ۔ وزارت خارجہ ہند نے نئی دہلی میں تعینات امریکی سفیر طلب کرکے ان سے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کیا ۔ واضح رہے کہ واشنگٹن نے اسلام آباد کو F-16 طیارے فروخت کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے ۔ یہ طیارے جوہری ہتھیار لے جانے کے اہل ہیں ۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کو در پیش سیکوریٹی خطرات سے نمٹنے کے لئے اس کی مدد کرنا چاہتا ہے ۔

Pakistan disappointed at India's reaction to F-16 deal with US

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں