شمالی کشمیر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-06

شمالی کشمیر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے

سری نگر
یو این آئی
شمالی کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں آج بڑے پیمانہ پر احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے جس کے دوران سیکوریٹی فورسس نے آزادی کے حق میں اور مخالف ہندوستان نعرہ بازی کررہے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا ۔ احتجاجی مظاہرین سیکوریٹی فورسس کے ساتھ کل جھڑپ میں مارے گئے تین عسکریت پسندوں کی نعشوں کو مقامی اوقاف کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ تاہم مصروف ترین سری نگر باندی پورہ روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری رہی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مین چوک حاجن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد جھڑپ میں مارے گئے عسکریت پسندوں کی نعشیں جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے، کے مطالبہ کو لے کر سڑکوں پر نکل آئے ۔ احتجاجی افراد نے آزادی کے حق میں اور مخالف ہندوستان نعرہ بازی کرتے ہوئے مین چوک کی سڑکوں کو بلاک کردیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل پڑا ۔ تاہم وہاں پہلے سے تعینات سیکوریٹی فورسس نے انہیں منتشر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ بعد میں احتجاجی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جامع مسجد حاجن کے قریب جمع ہوئی اور عسکریت پسندوں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے نعشوں کو مقامی اوقاف کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا۔ تاہم جب احتجاجیوں نے منتشر ہونے سے انکار کیا تو ان کی سیکوریٹی فورسس کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں ۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق سیکوریٹی فورسس کو حاجن میں کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شل برسائے ۔ دریں اثناء جھڑپ میں عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف کھوسہ محلہ ، اس سے ملحقہ دیہات اور مین ٹاؤن حاجن میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکزبند رہے جب کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی ۔ ان علاقوں میں سرکاری دفاتر، بینکوں اور تعلیمی اداروں میں بھی معمول کا کام کاج بری طرح سے متاثر رہا ۔ قابل ذکر ہے کہ حاجن سونا واری کے کھوسہ محلہ میں کل ایک طویل جھڑپ میں تین نامعلوم عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ۔ سیکوریٹی فورسس نے مبینہ طور پر جھڑپ کے دوران دو مکانات کو بھی دھماکہ کرنے زمین بوس کردیا۔

Mass protests in North Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں