گورنرس کانفرنس - دستور کے تقدس کو برقرار رکھا جائے - صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-10

گورنرس کانفرنس - دستور کے تقدس کو برقرار رکھا جائے - صدر جمہوریہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
گورنرس کے رول پر تنازعات کے دوران صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ دستوری عہدوں پر فائز تمام افراد کو دستور کا تقدس برقرار رکھنا چاہئے ۔ پرنب مکرجی نے یہاں راشٹرپتی بھون میں گورنرس کی دو روزہ کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ دستور میں بیان کردہ اصولوں کی ہماری جانب سے سخت پابندی کی جانی چاہئے ۔ یہ ایک پائیدار دستاویز ہے ، جوہماری امنگوں اور انہیں شمولیاتی انداز میں حاصل کرنے میں رہنمائی کرتی ہے۔ دستوری عہدوں پر فائز تمام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس کتاب کے تقدس کو برقرار رکھیں ۔ صدر جمہوریہ کی یہ اپیل ارونا چل پردیش کے گورنر جے پی راج کھوا کے رول پر جاری تنازعہ کے پس منظر میں اہمیت کی حامل ہے ۔ گورنر کے متنازعہ رول کی وجہ سے مختلف واقعات پیش آئے اور آخر کار صدر راج نافذ کرنا پڑا۔ اس مسئلہ پر سپریم کورٹ میں بھی سماعت ہورہی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے گزشتہ سال کو ایک مشکل سال قرار دیتے ہوئے جس کے دوران واضح بیرونی ہاتھ رکھنے والے دہشت گرد حملے ہوئے ، کہا کہ ملک کو پر امن مذاکرات اور بات چیت کے ذریعہ تمام دیرینہ بین الاقوامی مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں ۔ بین الاقوامی سطح پر اقتصادی سست روی ، تبدیلی آب و ہوا ، داخلی و بیرونی سلامتی کی وجہ سے ہمیں چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ، بین الاقوامی سرحدوں سے متصل ریاستیں دہشت گرد حملوں سے متاثر ہوئی ہیں، جن میں واضح طور پر بیرونی ہاتھ کار فرما تھا۔ دھماکو خارجی سلامتی صورت حال کی وجہ سے ہمارے لئے لازمی ہے کہ ہم اپنی دفاعی صلاحیتوں کو ترقی دیں ۔ اسی کے ساتھ ہمیں پر امن مذاکرات اور بات چیت کے ذریعہ تمام دیرینہ بین الاقوامی مسائل حل کرنے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔ صدر جمہوریہ نے اس کانفرنس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ، جس میں ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے23گورنرس و لیفٹننٹ گورنرس نے شرکت کی۔

Maintain sanctity of Constitution: President Pranab Mukherjee to Governors

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں