جے این یو میں ملک دشمن نعرہ بازی حافظ سعید کی شہ پر - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-15

جے این یو میں ملک دشمن نعرہ بازی حافظ سعید کی شہ پر - راجناتھ سنگھ

الہ آباد، سری نگر
یو این آئی
جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں ملک مخالف نعرے بازی سے پیدا تنازعہ کے درمیان وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ اس باوقار یونیورسٹی میں جو کچھ ہوا اسے لشکر طیبہ کے دہشت گرد سرغنہ حافظ سعید کی پشت پناہی حاصل ہے ۔ مسٹر سنگھ نے الہ آباد میں نامہ نگارون کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس واقعہ پر سخت موقف اختیار کیا ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہئے کہ جے این یو کا واقعہ حافظ سعید کی شہ پر ہوا ہے اور یہ نہایت افسوسناک ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کے اتحاد، خود مختاری اور سالمیت کے معاملے پر متحد ہوجائیں ۔ وزیر داخلہ نے تویٹ بھی کیا، میں ملک مخالف طاقتوں کے خلاف لڑائی میں تمام سیاسی جماعتوں اور تمام طبقات کے لوگوں سے تعاون اور حمایت کی اپیل کرتا ہوں ۔ ہند مخالف سر گر میوں یا پروپیگنڈے میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا اور جو معصوم ہیں انہیں پریشان نہیں کیاجائے گا۔ تمام تنظیمیں اور سیاسی جماعتیں ملک کے اتحاد،خود مختاری اور سالمیت سے جڑے مسائل پر متحد ہوجائیں ۔ اس معاملے میں جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے صدر کنہیا کمار کی گرفتاری اور ان کے خلاف ملک سے بغاوت کے الزامات کے بعد اس واقعہ نے سیاسی رخ اختیار کرلیا ہے ۔ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں نے مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے اسے یونیورسٹی کی خود مختاری پر حملہ قرار دیا ہے ۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے وزیر داخلہ کے الزامات کو سنگین بتاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اگر حکومت کے پاس اس کا کوئی ثبوت ہے کہ جے این یو کے معاملے کو دہشت گردوں کی شہ پر حاصل تھی تو اسے ملک کے سامنے لانا ضروری ہے ۔ فیس بک پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خود وزیر داخلہ نے یہ بات کہی ہے کہ یہ واقعہ حافظ سعید کی شہ پر ہوا ۔ اس لئے انہیں ملک کو اس کا ثبوت دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا وزیر داخلہ نے جے این یو میں مظاہرے کے معاملے میں دہشت گردوں کی حمایت حاصل ہونے کا الزام لگایا ہے تو ہمیں امید ہے کہ ان کے پاس اس کے ٹھوس ثبوت بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اس معاملے پر وزیر داخلہ سے ملاقات کی تھی تو انہوں نے اس طرح کی کوئی بات نہیں کی تھی۔ اس سے لگتا ہے کہ وہ یونیورسٹی کی ساکھ کو خراب کرنے کے لئے پینترے بازی سے کام لے رہے ہیں ۔ اس بیان پر نیشنل کانفرنس قائد عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ نہایت سنگین الزام ہے ۔ اس کا ثبوت دینا ہوگا۔ سی پی آئی قائد ڈی راجہ نے بھی ثبوت منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ۔ اسی دوران پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ آیا ٹوئٹر ہنڈل واقعتا لشکر کے بانی کا ہے ۔جے این یو تنازعہ جاری ہے ایسے میں ایک ویڈیو میں اے بی وی پی ارکان کو مبینہ طور پر موافق پاکستان نعرے لگاتے دکھایاگیا ہے جو وائرل ہوگیا ہے ۔ اے بی وی پی نے تاہم اس الزام کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی امیج مسخ کرنے کے لئے ویڈیو میں الٹ پھیر کی گئی ہے۔ ایک منٹ32سکنڈ کا ویڈیو جسے سازش کا عنوان دیا گیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ ہوا ہے جس میں چار طلباء کو جو مبینہ طور پر اے بی وی پی سے تعلق رکھتے ہیں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے دکھایا گیا ۔ بائیں بازو گروپس کے طلبا کا الزام ہے کہ ملک دشمن نعرے اے بی وی پی نے لگائے تھے ، ہجوم میں مختلف طلبہ گروپس اور بیرونی لوگ بھی شامل تھے اور حکومت کے ایک تائیدی چینل نے اس منظر کی فلم کشی کی اور ان نعروں کا الزام بائیں بازو کے طلباء پر لگا دیا گیا۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بائیں بازو جماعتوںنے آج کہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان ایک سنگین الزام ہے کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے پروگرام کو دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کی تائید حاصل تھی ۔ ان جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ راج ناتھ سنگھ اپنے دعوے کی تائید میں ثبوت پیش کریں ۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے جو کل اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار کی گرفتاری پر راج ناتھ سے ملاقات کرتے ہوئے بائیں محاذ ، جنتادل یو کے وفد میں شامل تھے کہا کہ مرکزی وزیر نے میٹنگ کے دوران اپوزیشن قائدین سے لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی ایک علیحدہ خبر کے مطابق راجیہ سبھا کے قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے آج مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو وارننگ دی ہے کہ اگر لشکر طیبہ کے سربراہ حافظ سعید کے ساتھ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبہ کے تعلقات کے الزامات جھوٹے ثابت ہوئے تو اس کے سنگین نتیجے نکلیں گے ۔ سینئر کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی یہ مسئلہ پارٹی میں اٹھائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے خلاف قوم دشمنی اور غداری کے الزامات انتہائی سنگین ہے۔ جن کی توثیق ہونی چاہئے اور قوم کے سامنے سچ آنا چاہئے ۔

LeT wing backed JNU protest: Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں