ہند نیپال دوستی - امن استحکام اور اقتصادی خوشحالی دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-21

ہند نیپال دوستی - امن استحکام اور اقتصادی خوشحالی دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور نیپال کی دوستی کو ہمالیہ کی طرح اٹل اور گنگا کی طرح پویتر قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ نیپال میں امن، استحکام اور اقتصادی خوشحالی دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد ہے ۔ مودی نے یہاں نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اور اولی کے ساتھ سربراہی اجلاس کے بعد اپنے بیان میں یہ باتیں کہیں ۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان بجلی، سڑک کی تعمیر، ثقافتی تبادلے، بندرگاہ سے رابطے کے لئے ریلوے رابطے اور بنگلہ دیش تک سڑک اور ریل سے ٹرانزٹ سہولت کے لئے کل 9معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ نیپالی وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ چند ماہ میں پیدا شدہ غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کی دوستی انتہائی قربت والی اور منفرد ہے ۔ ہمالیہ کی سالمیت اور گنگا کی پاکیزگی اس گہرے تعلقات کی گواہ ہے ۔ کھلی سرحد دونوں ممالک کے لوگوں کے تعلقات کی وضاحت کرتی ہے۔ نیپال میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی ہندوستان اور نیپال کا مشترکہ مفاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہند۔ نیپال تعلقات کے ان تمام پہلوؤں پر ہم نے تفصیل سے بات چیت کی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں نیپال نے جمہوریت اور وفاقی ڈھانچے کی سمت میں قابل ستائش ترقی کی ہے ۔ دہائیوں کی جدو جہد کے بعد نیپال کے آئین کی تشکیل اور اس کا اعلان اہم کامیابی ہے ۔ اس کی تعمیر میں نیپال کی حکومت، سیاسی قیادت اور معاشرے کے تمام طبقوں کی شراکت قابل ستائش ہے لیکن اس کی کامیابی باہمی رضا مندی اور بات چیت پر منحصر ہے۔ انہوں نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیپال حکومت انہیں زریں اسولوں کی بنیاد پر ، سیاسی گفتگو کے ذریعہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر آئین سے منسلک تمام مسائل کا تسلی بخش حل تلاش کرے گی اور ملک کا استحکام اور ترقی و خوشحالی اسی میں مضمر ہے ۔ مودی نے کہا کہ نیپال کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں ہندوستان کی مستقل دلچسپی ہے اور ہمارے ذرائع اور ادارے اس میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں اورمستقبل میں بھی کرتے رہیں گے ۔ اس سلسلے میں ہندستان کی اقتصادی ترقی نیپال کی خوشحالی کا ایک ہموار راستہ بن سکتا ہے ۔ دونوں ممالک کے ٹریفک کوریڈور ترقی کے ہائی وے بن سکتے ہیں ۔ یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دو مزید ٹرانزٹ دروازے کھولنے پر آج ہوئی رائے اہم ہے۔ ان سے اقتصادی ترقی اور رابطے میں اضافہ ہوگا ، انہوں نے کہا کہ نیپال میں پن بجلی توانائی کے شعبے میں بے پناہ امکانات ہیں اور اس کے پیش نظر دونوں ملک7000میگا واٹ کے کئی منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔۔ان کے منصوبے نیپال کی اقتصادی خوشحالی کا ذریعہ بن سکتے ہیں ۔

India for Nepal's peace, stability and development, Modi assures Oli

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں