حیدرآباد کے اطراف 12 نئے منی شہروں کو فروغ دینے کا منصوبہ - میئر و ڈپٹی میئر پریس کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-13

حیدرآباد کے اطراف 12 نئے منی شہروں کو فروغ دینے کا منصوبہ - میئر و ڈپٹی میئر پریس کانفرنس

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
نو منتخب میئر بی رام موہن اور ڈپٹی میئر محمد بابا فصیح الدین نے آج کہا کہ شہر کے اہم علاقوں میں ٹریفک بحران سے نمٹنے کے لئے جی ایچ ایم سی کی اطراف12نئے منی شہروں کو فروغ دینے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ ان دونوں نے کہا کہ ملک کے دیگر بڑے شہروں جیسے ممبئی، دہلی، بنگلور، اور چینائی سے تقابل کیا جائے تو شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل بہت کم ہیں ۔ میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کا جائزہ لینے کے بعد بی رام موہن اور فصیح الدین نے یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے پہلی بار بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پینے کے پانی کے حصول میں ہونے والی دشواریوں کا انہیں بخوبی علم ہے۔ صرف دو بڑے ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر سے ہی شہر کو پینے کا پانی سربراہ کیاجاتا ہے جب کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آبرسانی نظام کو موثر و مستحکم بنانے کے لئے شہر کے باہر شاہ میر پیٹ اور فلم سٹی کے قریب دو ذخائر آب تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جب یہ دو ذخائر آب تعمیر ہوجائیں گے تب شہر یان حیدرآباد کو پینے کے پانی کے حصول میں ہونے والی پریشانیوں و مصائب سے چھٹکارا مل جائے گا۔ قطب اللہ پور تک گوداوری کا پانی فراہم کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی سربراہی کے مسئلہ کو ترجیحی اساس پر حل کرلیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں، لنچ کے لئے پانچ روپے میل سنٹر پہنچے اور وہاں لنچ کیا اور دعویٰ کیا کہ کھانے کا ذائقہ گھر میں تیار کیا گیا جیسا محسوس ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ روپے میلس سنٹرس کی تعداد میں بہت جلد150تک اضافہ کیاجائے گا۔ شہر میں ان سنٹرس کی تعداد50ہے۔ میئر اور ڈپٹی میئر نے کہا کہ تاریخی شہر حیدرآباد کی ترقی، اسے عالمی معیار کا شہر بنانے اور حیدرآباد کو بنگارو سٹی میں تبدیل کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور اس عمل میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے شہر میں شروع کردہ تمام کاموں کو عوام، کارپوریٹرس ، شہر کے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے تعاون سے پائے تکمیل کوپہنچائے جائیں گے ۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے کہا کہ پرانے شہر کے ساتھ نئے شہر میں کئی ایک مسائل ہیں ان تمام مسائل کی یکسوئی کے لئے عوام کی مدد اور تعاون درکار ہے ۔ عہدوں کے جائزہ لیتے وقت ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی بھی موجود تھے۔ جنہوں نے ان دونوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Hyderabad Mayor proposes 12 mini-cities on outskirts

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں