پشکر، گوا اور پونے پر بھی حملوں کا منصوبہ تھا - ہیڈلی کا نیا انکشاف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-14

پشکر، گوا اور پونے پر بھی حملوں کا منصوبہ تھا - ہیڈلی کا نیا انکشاف

ممبئی
یو این آئی
لشکر طیبہ کے انتہا پسند اور ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے کلیدی ملزم ڈیوڈ کولمین ہیڈلی نے آج کہا کہ2008میں ممبئی پر حملوں کے بعد بھی اس نے دوبارہ دہشت گردانہ حملوں کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے2009میں ہندوستان کے دیگر شہروں پشکر، گوا اور پونے کا دورہ کیا تھا۔ خصوصی جج کے سامنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ آج پانچویں روز بھی پیش ہوتے ہوئے پاکستانی نژاد امریکی دہشت گرد نے عدالت کو بتایا کہ اس نے2009میں راجستھان میں پشکر ، گوا اور مہاراشٹر کے پونے شہر میں شاباد ہاوسیز کی جاسوسی کی تھی تاکہ وہاں بھی دہشت گردانہ حملے کئے جاسکیں۔ ممبئی حملے کے سرکاری گواہ ہیڈلی نے کہا کہ اس نے ان تین شہروں میں کئی جگہوں کے ویڈیوز بھی لئے تھے ۔ پشکر اور پونے کے جن ہوٹلوں میں وہ ٹھہرا تھا وہاں کے رجسٹرڈ میں درج اپنے نام اور دستخط کو بھی ہیڈلی نے پہچان لیا ۔ اس نے بتایا کہ وہ2009میں پونے میں16مارچ سے17مارچ تک ہوٹل سوریہ ولا میں ٹھہرا تھا اور پاکستان کے میجر اقبال کے کہنے پر ہندوستانی فوج کے جوانوں کو پاکستان کے لئے جاسوسی کرنے کے لئے آمادہ کرنے پونے میں واقع ہندوستانی فوج کے ایک اہم ادارہ کو بھی گیا تھا ۔ بیان کے مطابق پونے جانے سے پہلے ہیڈلی11مارچ سے13مارچ تک پشکر میں تھا جہاں اس نے شاباد ہاوس سمیت شہر کے کئی علاقوں کے ویڈیوز بنائے ۔ ممبئی حملے میں مجرم قرار دئیے جانے کے بعد امریکی جیل میں35سال کی سزا کاٹنے والے ہیڈلی نے کہا کہ وہ2009میں شکاگومیں تہوررانا سے ملا تھا ۔ اس نے بتایا کہ رانا ممبئی حملے سے بے حد خوش تھا کیوںخہ اس میں166افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ ہیڈلی نے کہا کہ ممبئی حملے کے بعد ہندستان آنے سے قبل اس نے رانا کو تین مارچ2009کو اپنی وصیت کی ایک نقل ای میل کی تھی کیوں کہ اسے لگتا تھا کہ اسے ہندوستان میں گرفتار کیاجاسکتا ہے وہاں مارا جاسکتا ہے ۔ ہیڈلی نے تسلیم کیا کہ2008کے حملے کے بعد بھی وہ مسلسل لشکر طیبہ کے دہشت گردساجد میر کے رابطہ میں تھا اور اسے ساتھ ہی لشکر کے بانی حافظ سعید اور ذکی الرحمن لکھوی کی سلامتی کی فکر تھی ۔ ای میل میں نے حافظ سعید کو انکل اور ذکی الرحمن لکھوی کو دوست کہہ کر مخطاب کیا ہے۔ اسنے بتایا کہ ای میل میں لکھا تھا کہ انکل بھی ایچ ون وائرس کی زد میں آگئے ؟ اسپتال میں ڈاکٹر ان کا معائنہ کرنا چاہتے ہیں ۔ ہیڈلی نے استغاثہ کے وکیل اجول نکم کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اسے ساجد میرسے یقین دہانی ملی تھی کہ حافظ سعید کو کچھ نہیں ہوگا ۔ لشکر طیبہ اور القاعدہ کو یہ یقین حاصل تھا کہ 26/11حملہ کے منصوبہ ساز حافظ سعید اور ذکی الرحمن کو پاکستانی حکام کی جانب سے سطحی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ممبئی حملوں کے چند مہینوں کے اندر ہی وہ ہندوستان میں مزید دہشت گرد حملے کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ ہیڈلی نے ایک ای میل میں شیو سینا کے لیڈر بال ٹھاکرے اور ان کے بیٹے ادھو ٹھاکرے کا نام بھی لیا ہے ۔

Headley visited India post 26/11 attack too; to plan more strikes in Pushkar, Goa & Pune

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں