بی جے پی ہمیں حب الوطنی کا سبق نہ پڑھائے - غلام نبی آزاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-26

بی جے پی ہمیں حب الوطنی کا سبق نہ پڑھائے - غلام نبی آزاد

نئی دہلی
یو این آئی
راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے واقعہ کے سلسلے میں ملک بھر میں دیش بھکتی اور غداری پر اٹھے تنازعہ کے پیش نظر پارلیمنٹ میں قوم پرستی پر بحث کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ، کانگریس پارٹی کو حب الوطنی کا سبق پڑھانا چھوڑ دے ۔ آزاد نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور حیدرآباد یونیورسٹی کے خصوصی حوالہ سے مرکزی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پیدا صورتحال پر مختصر مدت بحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پارٹی جب سے اقتدار میں آئی ہے اس نے یونیورسٹیوں اور اداروں کو سیاست زدہ کیا ہے اور وہاں کا ماحول بھی خراب کیا ہے اور قوم پرستی بمقابلہ بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے حوصلے بھی بڑھ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنے تعلیمی ادارے ہیں، وہ کانگریس نے بنائے ہیں اور پنڈت جواہر لا ل نہرو کا ان میں کردار رہا ہے لیکن اس حکومت نے تعلیمی ادارے تو نہیں بنائے، لیکن انہیں برباد کیا ہے ۔ بی جے پی کے لوگ نئے نئے دیش بھکت بن کر اپنی حب الوطنی کا زیادہ مظاہرہ کررہے ہیں کیونکہ آزادی کی لڑائی میں وہ کبھی جیل تو نہیں گئے لیکن آج وہ راہل گاندھی کی حب الوطنی پر سوال اٹھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی دیش بھکتی کی طویل تاریخ ہے ۔1857سے لے کر آزادی کی جنگ اور اس کے بعد بھی۔راہل گاندھی کے والد، دادی اور پرنانا سے لے کر چھڑناناتک دیش بھکت رہے ہیں اور انہوں نے قربانیاں بھی دی ہیں۔اس لئے بی جے پی کانگریس کو حب الوطنی کا سبق پڑھانا چھوڑ دے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں دو دن ، تین دن، پانچ دن یا ہفتے بھرقوم پرستی پر بحث ہو اور پتہ چلے کہ صحیح قوم پرستی کیا ہے ۔ آزاد نے حیدرآباد یونیورسٹی میں روہت ویمولا کی خود کشی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے روہت کو شروع ہی سے پریشان کیا ۔ پریشد نے2013میں روہت کو آر ایس ایس کے خلاف مضامین لکھنے پر ایک ہفتے کے لئے جیل بھی بھجوایا تھا۔

Don't need patriotism lesson from BJP: Azad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں