پانی کے بقایہ جات بل معاف کر دئے جائیں گے - دہلی حکومت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-15

پانی کے بقایہ جات بل معاف کر دئے جائیں گے - دہلی حکومت

نئی دہلی
آئی اے این ایس
دہلی حکومت نے اپنی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک تحفہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2015تک کے گھریلو استعمال کے نلوں کے بقایہ جات بل جزوی یا مکمل طور پر معاف کردئیے جائیں گے ۔ عام آدمی پارٹی حکومت کی ایک سالہ تکمیل کے موقع پر ایک جلسہ سے خطاب کتے ہوئے چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہا کہ کئی خاندان جنہیں چند نکات کی وجہ سے بڑے چڑھے بلز ملے ہیں ، انہوں نے واٹر بلز ادا کرنا بند کردیا ہے ۔ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے30نومبر تک کے بقایہ جات مکمل معاف کئے جائیں گے ۔ جب کہ دیگر کو ان کے معاشی زمروں کے لحاظ سے25تا75فیصد رعایت دی جائے گی ۔ وزیر آبرسانی کپل مشرا نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ متاثرہ گھروں کے نلوں کے میٹرس کارکرد بنانے کی شرط پر یہ رعایت دی جائے گی ۔ ایسے واقعات ہوئے ہیں کہ بعض لوگوں کو بڑھے چڑھے بلز ملے ہیں ۔ انہوں نے بلوں کی ادائی روک دی ہے۔ اس سے ہمارے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کو بڑا مسئلہ ہورہا ہے ۔ اس سے ہم پر غیر ضروری بوجھ پڑ رہا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ یہ رقم وصول ہونے والی نہیں ہے ۔ معافی کے بعد نئی شروعات کرنے میں ہم سب کو مدد ملے گی اور گھریلو صارفین دوبارہ بلز ادا کرنے شروع کردیں گے اور اپنے میٹرس ٹھیک کروالیں گے ۔ دہلی جل بل نلوں کے ذریعہ صدرمقام کے19لاکھ گھریلو صارفین کو پانی سربراہ کرتا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت شہر میں کم و بیش تمام گھروں میں نلوں کا پانی فراہمی کو یقینی بنانے کی بابت کام کررہی ہے۔ ختم مارچ تک پائپس کے ذریعہ نلوں کا پانی268کالونیوں کو سربراہ کیاجائے گااور دسمبر2017تک کم و بیش دہلی کے ہر گھر کو پائپ لائنس کے ذریعہ پینے کا پانی ملے گا۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی میں اے اے پی حکومت کے پہلے سال کو صدر مقام کی تاریخ کا سیاہ سال قرار دیتے ہوئے دہلی بی جے پی نے کہا کہ سٹی گورنمنٹ اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اس نے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ دہلی کے صدر بی جے پی اپادھیائے نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ پچھلا سال دہلی کی تاریخ میں سیاہ سال ثابت ہوا ۔ اہلیان دہلی نے سیاست میں تبدیلی لاتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو تاریخی رائے عامہ دی تھی ،لیکن یہ دغا بازی کے سال میں تبدیل ہوگیا ۔ اپادھیائے نے کہا دہلی کی بی جے پی آج یوم احتجاج منا رہی ہے ۔ جنتر منتر پر ایک احتجاج منعقد کیا گیا۔ دہلی اسمبلی میں قائد اپوزیشن وجیندر گپتا نے رپورٹ پیش کی، جو جمہوری بحران تخٰلیق کرنے کی کجریوال حکومت کی عادت اور تنازعہ کی وجہ سے ترقی اور انتظامی امور ٹھپ ہوجانے سے متعلق تھی ۔کانگریس نے کجریوال حکومت کے ایک سالہ دور کے موقع پر آج چھلاوا دیوس منایا اور اسے مکمل ناکام قرار دیا۔ پارٹی نے صدر مقام میں راج گھاٹ سے مومی شمعوں کا جلوس نکالا۔ دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن نے کہا اے اے پی حکومت نے اپنی میقات کے پہلے سال میں اپنی کارکردگی 100میں سے صفر دکھائی ہے ۔ یہ بالکلیہ ناکام ہے۔ انہوںنے اپنے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ۔ فہرست بڑی طویل ہے ۔ کجریوال ایک سال ، دہلی بے حال موضوع پر ایک کتابچہ جاری کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پارٹی اے اے پی حکومت کی ناکامیوں کے بارے میں بتانے کے لئے عوام تک جائے گی ۔ ترقیاتی محاذ پر بھی کجریوال حکومت مکمل ناکام ہوگئی ہے۔ اس نے کوئی نئے پراجیکٹس شروع نہیں کئے ۔ شیلا دکشت کی سابقہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ کئی انفراسٹرکچر پراجکٹس کے کریڈٹ کا وہ ادعا کررہی ہے ، جن لوگوں نے اس پر اعتماد کیا ان ہی کے ساتھ نے دغا بازی کی ہے ۔ اسی دوران دہلی پرکاش بوتھ کانگریس نے بھی دہلی میں اے اے پی حکومت کی ایک سالہ تکمیل کے موقع پر چیف منسٹر اروند کجریوال اور ان کی حکومت کے خلاف بطور احتجاج ارتھی مارچ نکالا ۔ بوتھ کانگریس کے کئی کارکنوں نے صدر بوتھ کانگریس امیت ملک اور سکریٹری انڈین یوتھ کانگریس، و انچارج یونٹ سیتا رام لامبا کی زیر قیادت دہلی کے عوام کے ساتھ دہلی یونیورسٹی میٹرو اسٹیشن تا چیف منسٹر کجریوال کی رہائش گاہ مارچ کیا ۔ یہ احتجا ج اے اے پی حکومت کی ناکامی کو اجاگر کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔

AAP Anniversary: Delhi Government Waives Water Bills Pending Till November 2015

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں