بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی جیل سے رہائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-26

بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی جیل سے رہائی

پونے
یو این آئی
1993کے ممبئی بم دھماکوں سے وابستہ معاملے میں مجرم سنجے دت آج جیل سے رہا ہوگئے۔ پونے کی یروڈا جیل میں حکام نے رسم پوری کرنے کے بعد انہیں رہا کردیا۔ جیل میں اچھے رویے کی وجہ سے وقت سے114دن پہلے ہی ان کی رہائی ہوئی ہے ۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ کافی جذباتی نظر آئے ۔ دوپہر میں میڈیا کے سامنے آئے سنجو بابا نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہورہا ہے کہ وہ آزاد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ23سال جس کے لئے ترستا رہا ، مرتا رہا، وہ آزادی آج مل گئی ۔ ابھی لگتا ہے کہ میں پیرول پر باہر آیا ہوں۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ اگر والد صاحب زندہ ہوتے تو بہت خوش ہوتے ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی ماں کا بھی ذکر کیا ۔ خیال رہے کہ وہ جیل سے باہر نکلنے کے بعد اپنی ماں کی قبر پر بھی گئے تھے۔ سنجے دت نے کہا کہ میرے ذہن میں چل رہا تھا کہ میری ماں مجھے بچپن میں ہی چھوڑ کر چلی گئی تھی ۔ انہیں کینسر کی بیماری تھی ۔ میرا یہ فرض بنتا تھا کہ میں ان کی قبر پر جاؤں اور ان سے کہوں کہ میں آزاد ہوگیا ہوں۔ بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مجھے دہشت گرد کی طرح نہ دیکھیں ۔ انہوںنے کہا کہ جج صاحب نے بھی کہا تھا کہ میں دہشت گرد نہیں ہوں ۔ اس سے قبل جیل سے باہر نکلنے کے وقت سنجے دت نے یروڈا جیل میں لہرارہے ترنگے کو سیلوٹ کیا، زمین کو چوما اور پھر اپنا بیگ کندھے پر ڈال کر جیل سے باہر آگئے ۔ باہر بیوی مانیادت اور راج کمار ہیرانی ان کا انتظار کررہے تھے ۔ یہاں سے سنجے دت براہ رراست پونے ایئر پورٹ کے لئے روانہ ہوئے ۔ سنجے دت سب سے پہلے سدھوناء مندر جائیں گے ۔ اس کے علاوہ وہ اپنی ماں نرگش کی قبر پر بھی جائیں گے۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد سنجے دت نے کہا کہ خاندان کے تعاون کی وجہ سے جیل سے باہر ہوں ، محبت کے لئے سب کا شکر گزار ہوں ۔ ادھر سنجے دت کے گھر کے باہر بڑے بڑے پوسٹر لگائے گئے ہیں اور گھر کو پوری طرح سے سجایا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ آرمس ایکٹ کے تحت سجے دت کو پانچ سال کی سزا ہوئی تھی، لیکن جیل میں ان کے اچھے برتاؤ کے پیش نظر جیل انتظامیہ نے انہیں114دن پہلے ہی رہا کردیا ۔ سنجے دت کی رہائی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے جیل کے باہر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔دریں اثناء ممبئی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اداکار سنجے دت کو آج پونے کی یرواڈہ جیل سے رہا کردیا گیا ، جہاں انہوں نے1993ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ کیس میں42ماہ کی سزائے قید کاٹی۔ اس موقع پر بالی ووڈ میں ان کے ساتھی اداکاروں اور احباب نے انہیں ایک پرسکون زندگی اور مستبقل میں خوشحال کیرئیر کی تمنائیں پیش کیں۔ فلمساز مہیش بھٹ نے کہا کہ56سالہ اداکار کو اب مزید مضبوط بن کر ابھرنا ہوگا ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ لوگ ہمیشہ ان کے خاتمہ کی داستان تحریر کرتے رہے ہیں، لیکن وہ دوبارہ ابھرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے کام سے ہر ایک کی آنکھیں خیرہ کردی ہیں ۔ اس مرتبہ بھی مجھے امید ہے کہ وہ ایک مزید مضبوط شخص بن کر ابھریں گے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہاں سے ان کی ایک نئی ابتداء ہوگی اور وہ زندگی کے بہترین سال گزاریں گے۔مہیش بھٹ نے یاد دلایا کہ انہوں نے اور سنجے دت نے کس طرح ایک ساتھ اپنا کیرئیر شروع کیا تھا اور کئی ہٹ فلمیں دی تھیں۔ ان دونوں نے فلم'نام، گمراہ، سڑک اور دیگر فلموں میں کام کیا ہے ۔ مہیش بھٹ نے کہا کہ میں انہیں اداکار کے طور پر نہیں دیکھتا اور وہ بھی مجھے ڈائریکٹر کے طور پر نہیں دیکھتے، صرف "نام" بنانے کے دوران وہ جذباتی طور پر مجھ سے قریب ہوگئے تھے۔ فلم سارانش کے ڈائرکٹر نے سنجے دت اور ان کے خاندان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ فلموں کے منا بھائی نے سبھاش گھئی کی کئی فلموں میں بھی یادگار اداکاری کی ہے ۔ جس میں سب سے زیادہ یاد رکھے جانے کے لائق فلم ہے"کھلنائک"۔ سبھاش گھئی نے کہا میں نے سنجے دت کو فلم ودھاتا اور فلم کھلنائک کے دور سے جانتاہوں۔ اس مرتبہ بھی وہ مزید پختہ کاربن کر ابھریں گے ۔ اور بحیثیت انسان ان میں زیادہ احساس ذمہ داری پیدا ہوجائے گا ۔ وہ فلموں میں پہلے سے زیادہ بڑے اداکار بن جائیں گے ۔ وہ اپنے کیرئیرپر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ وہ صرف اداکار کی حیثیت سے نظر آنا چاہتے ہیں اور کچھ نہیں ۔دو ماہ قبل انہوں نے مجھے یہی بات بتائی تھی ۔ یاد رہے کہ2013میں اپنی پانچ سالہ سزا کی باقی میعاد کاٹنے جب جیل گئے تھے تو اس وقت وہ ڈائرکٹر رینسل ڈی سلوا کی فلم انگلی میں کام کررہے تھے ۔ رینسل نے کہا کہ سب سے پہلے انہیں آرام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہیں اپنے عزیزوں اور احباب کے ساتھ وقت گزارنے کی ضرورت ہے ۔ وہ ایک اچھے دوست ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ واپس آچکے ہیں۔ میں ان کے لئے پرسکون زندگی کی دعا کرتا ہوں ۔

Bollywood star Sanjay Dutt released from jail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں