مرکز پر جھوٹ کے ذریعہ انتشار پھیلانے کا الزام - وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-29

مرکز پر جھوٹ کے ذریعہ انتشار پھیلانے کا الزام - وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار

پٹنہ
پی ٹی آئی
یونیورسٹی آف حیدرآباد میں خو د کشی کا مرتکب دلت ریسرچ اسکالر روہت ویمولا کی والدہ کی جانب سے سمرتی ایرانی پر پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے کا الزام عائد کرنے کے بعد چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج مرکز پر سماج میں پھوٹ ڈالنے کے لئے جھوٹ پھیلانے کا الزام عائد کیا ۔ اس سوال پر کہ متوفی روہت کی والدہ رادھیکا نے الزام عائد کیا کہ پارلیمنٹ میں بحث کے دوران مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے ان کے فرزند کی خود کشی کے حقائق کو نیا رنگ دیا ہے ۔ نتیش کمارنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمار نے کہا کہ روہت کی ماں کے بیان سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہوگئی ہے کہ یہ لوگ جھوٹ کی کاشت کرتے ہیں اور افواہ کے سہارے سماج کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ۔ اس سے قبل روہت کی ماں رادھیکا دیوی نے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کے پارلیمنٹ میں دئیے گئے بیان کو غلط بتاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے طالب علم روہت ویمولا کی خود کشی معاملے میں مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ آخری وقت میں روہت کو بچانے کی کوشش نہیں کی گئی ، نہ ہی اس کے پاس کسی ڈاکٹر کو جانے دیا گیا، اور نہ ہی اسے اسپتال لے جانے دیا گیا ۔ انہوں نے اس دعوے کے لئے پولیس رپورٹ کا سہارا لیا تھا ۔ روہت کی نعش کا معائنہ کرنے والی ڈاکٹر نے بھی ان کے بیان کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔

Bihar Chief Minister Nitish Kumar criticize centre

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں