ابوظہبی کے ولیعہد شیخ زائد النہیان کا کل سے دورۂ ہند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-09

ابوظہبی کے ولیعہد شیخ زائد النہیان کا کل سے دورۂ ہند

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ابو ظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زاید النہیان چہار شنبہ سے ہندوستان کا دورہ کریں گے ، جس کے دوران مختلف شعبوں جیسے نیو کلیر توانائی، تیل، آئی ٹی، ایرواسپیس اور ریلویز میں کم از کم16معاہدوں پر دستخط کئے جانے کی توقع ہے جس کے نتیجہ میں متحدہ عرب امارات سے ہندوستان میں کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی ۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر متعینہ ہند احمد البنا نے کہا کہ انتہا پسندی پر قابو پانے انسداد دہشت گردی تعاون میں اضافہ اور آئی ایس آئی ایس سے نمٹنے جیسے موضوعات پر النہیان کی وزیر اعظم نریندر مودی سے جمعرات کو بات چیت ہوگی۔ عرب امارات کے بارسوخ قائد کے سہ روزہ دورہ کے دوران جووزیر اعظم نریندر مودی کے یو اے ای کے دورہ کے تقریبا چھ ماہ بعد کیاجارہا ہے ، اقتصادی تعلقات میں اضافہ پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کے پاس تقریبا800بلین امریکی ڈالر کا آزادانہ دولت فنڈ ہے ۔ ہندوستان اپنے انفراسٹرکچر شعبہ کے لئے ابو ظہبی سرمایہ کاری اتھاریٹی کے اس فنڈ سے سرمایہ کے حصول کاخواہاں ہے ۔ اماراتی سفیر نے کہا کہ النہیان کے دورہ کے موقع پر اس ضمن میں کچھ اعلانات ممکن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وزارتوں اور حکام کے مابین تعاون کے لئے ہمارے پاس تقریبا سولہ معاہدات ہیں ۔ ان کے منجملہ بارہ کو تقریبا قطعیت دی جاچکی ہے اور یہ دستخط کے لئے تیار ہیں۔ امید ہے کہ تمام سولہ معاہدات پر دستخط کئے جائیں گے ۔ اماراتی سفیر نے کہا کہ ان معاہدوں کے نتیجے میںمختلف شعبوں بشمول قابل تجدید توانائی، تیل، گیس، اور چند دیگر بڑے سیکٹرس میں بھاری سرمایہ کاری ممکن ہے ۔ نیو کلیر تعاون سے متعلق معاہدہ ایٹمی توانائی کے پر امن استعمال کی گنجائش فراہم کرے گا ۔ علاوہ ازیں اس شعبہ میں تحقیق و ترقی کی گنجائش بھی فراہم کی جائے گی۔ عرب امارات نے فرانس اور چند دیگر ممالک کے ساتھ بھی مماثل معاہدہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان متحدہ عرب امارات کا اول نمبر کا تجارتی شراکت دار ہے ۔ دونوں ملکوں کے مابین تقریبا 60بلین امریکی ڈالر کی سالانہ تجارت ہوتی ہے ۔خلیج کے بڑے ملک کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات ، ہندستان کے لئے اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے ۔ اس ملک میں تقریبا2.6ملین ہندستان بستے ہیں ، جو اس ملک کی آبادی کا تقریبا 30فیصد حصہ ہیں۔ یہ2014-15ء میں ہندوستان کو خام تیل سربراہ کرنے والا چھٹا بڑا ملک ہے ۔ البنّا نے کہا کہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کے دورہ کے34سال بعد وزیر اعظم نریندر مودی کے ان کے ملک کی دورہ نے باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے میں ایک نیا راستہ کھولا ہے۔ النہیان کے اس دورہ سے مزید استحکام پیدا ہوگا ۔ انہوں نے دہشت گردی کو دنیا کو در پیش ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات اس لعنت سے نمٹنے سیکوریٹی اور انسداد دہشت گردی تعاون میں اضافہ کررہے ہیں ۔ انتہا پسندی کی روک تھام کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور یو اے ای شانہ بشانہ اس کا مقابلہ کریں گے اور اس شعبہ میں بھی یقینا کچھ تعاون ہوگا ۔ ابو ظہبی کے ولیعہد ، صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے بھی ملاقات کریں گے۔

Abu Dhabi Crown Prince to begin India visit on Wednesday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں